مظہر حسین راجہ ،پروفیسر غضنفر منظور اور پروفیسرہ عروسہ راجہ نے مہمانوں کو ادارے کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا
بارسلونا(نمائندہ خصوصی )کاتالان مقامی سیاسی جماعت اسکیرا رپپبلیکانہ کےسنیئر راہنماؤں اور پارلیمنٹیرین نے گزشتہ روزبی ایم ایجوکیٹرز سانتاکلوما کا دورہ کیا، ان مہمانوں میں انخیل صدر اسکیرا ریپبلیکانہ سانتاکلوما ، ایڈووکیٹ انا بلسیرہ ممبر کاتالان پارلیمنٹ ، سام نیونس امیدوار برائےمیئرسانتاکلوما و موجودہ کونسلر اور شہزاد اکبر وڑائچ امیدوار برائے کونسلر سانتاکلوما اور رہنما برائے ایشین کمیونٹی شامل تھے ۔
وفد نے ایک گھنٹہ سے زیادہ کا وقت بی ایم انسٹیٹیوٹ میں گزارہ جہاں پچاس کے قریب پاکستانی اور انڈین طلبہ اور طالبات موجود تھے جن کے ساتھ براہ راست ممبران پارلیمنٹ نے بات چیت کی جس میں تعلیم، زبان ،فنی کورسز، مقامی سیاست، خاندانی اور امیگریشن کے مسائل نمایاں طور پر زیر بحث رہے۔
اسکول کے ڈائریکٹر مظہر حسین راجہ ،پروفیسر غضنفر منظور اور شہزاد اکبر وڑائچ نے وفد کو کمیونٹی مسائل بارے تفصیل سے آگاہ کیا جس پر معزز راہنماؤں نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ اسکول انتظامیہ سے رابطے میں رہیں گے اور تمام مسائل کو مختلف مقامی اداروں کے ذریعے حل کروائیں گے ۔طلباء و طالبات کے لیے فنی کورسز بھی شروع کروائے جائیں گے تاکہ خاندانوں کے لیے روزگار کمانا آسان ہو اور مقامی ٹیکنیکل لیبر کی کمی کو بھی پورا کیا جا سکے ۔
کتلان پارلیمنٹرین نے طلباء و طالبات کو آگاہ کیا کہ صرف سانتاکلوما کے ایریا میں ایشین کی ایک کثیر تعداد موجود ہے مگر حیرانی کی بات ہے کہ مقامی اسمبلی میں ایشین کمیونٹی کا کوئی نمائندہ موجود نہیں ہے اس لئے وہ نوجوان طلبہ و طالبات کو اسمبلیوں تک رسائی میں رہنمائی اور مدد فراہم کریں گے تاکہ امیگرانٹ اپنے تمام مسائل اسمبلی فورم پر خود پیش کر سکیں ۔
مہمانوں کی آمد پر بی ایم ایجوکیٹر کی پوری ٹیم نے مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ اسکول کی پروفیسرہ عروسہ راجہ نے ممبر کتلان پارلیمنٹ مس انا بلسیرا کو پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے استقبال کیا ۔
اسکول سے روانگی کے موقع پر تمام ممبران نے بہت خوشی کا اظہار کیا اور اسکول انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ زبان سکھانے، ڈرائیونگ لائسنس دلوانے اور لوگوں کو ٹیکنیکل تعلیم کی طرف راغب کرنے کے علاوہ بی ایم ایجوکیٹر عوام الناس کی اخلاقی تربیت اور موٹیویشن کرنے میں بھی مصروف ہے جس سے بہت سے خاندانوں کی زندگیاں آسان ہونے کے ساتھ مقامی انتظامیہ کو بھی امیگرنٹ کے سماجی مسائل پر قابو پانے میں مدد مل رہی ہے۔ وفد نے انتظامیہ کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر اسکول کے ڈائریکٹر نےمیڈیا کوریج کے لیے ارشد نذیر ساحل کا شکریہ ادا کیا اور طلباء و طالبات کو پورے اعتماد کے ساتھ سیاسی رہنماؤں سے بات چیت کرنے اور سوالات اٹھانے پر بے حد تعریف کی اور کہا کہ یہی وہ اعتماد ہے جو ہم اپنے طلباء کو تعلیم دینے کے دوران دے رہے ہیں ۔