کینبرا( محمد جمیل سراج )آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرامیں پاکستانی نژاد شہری کو سماجی خدمات کے اعتراف میں سیٹیزن آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے مسٹر محمد علی نےہیلپنگ اے سی ٹی(Helping ACT ) کے پلیٹ فارم سے کینبرا میں مقیم کرونا سے متاثربے گھر اور غیر ملکی پناہ گزین خاندانوں میں خوراک تقسیم کی اس کے علاوہ عید اور کرسمس کے موقع پر بچوں میں تحائف بھی دیئے، اے سی ٹی حکومت کے سربراہ اینڈریو بارنے ایک پُروقار تقریب میں ان کو ایوارڈ سے نوازا۔
اس موقع پر حکومتی اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ان کے قریبی دوست بھی موجود تھے، انھوں نے سیٹیزن آف دی ایئر کا ایوارڈ ملنے کی بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہو ئے کہا کہ امیر شہر میں لوگوں کا فٹ پاتھ پر سونا لمحہ فکریہ ہے، حالانکہ شہری مخیر ہیں اور دل کھول کر مدد کرتے ہیں حکومتی امداد ملنے کے باوجود لوگ بھوکے سوتے ہیں اور ہم ایسے افراد کو ڈھونڈتے ہیں۔
ہماری تنظیم کا مقصد ہے کہ کو ئی بھوکا نہ سو ئے، پاکستانی کمیونٹی نے ان کو ایوارڈ ملنے پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ محمد علی نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں ،ہائی کمشنر زاہد حفیظ چوہدری نے محمد علی کو دلی مبارکباد دیتے ہو ئےکہا کہ ایسے پاکستانی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرتے ہیں ان کی سماجی خدمات کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور پاکستان مثبت امیج اجاگر کرتے ہیں۔