اسٹاک ہوم (زبیر حسین ) سویڈن میں رواں برس ستمبر میں عام انتخابات ہونگے ،اس بار سویڈن کے انتخابات منفرد یوں ہونگے کہ پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات الیکشن میں بطور امیدوار حصہ لے رہی ہیں، اسی سلسلے میں اسٹاک ہوم کے علاقے فتیا میں گزشتہ روز ایک کارنر میٹنگ کا انعقاد لیاقت علی خان کی جانب سے کیا گیا۔ لیاقت علی خان اپنی سماجی خدمات کی وجہ سے نا صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ مقامی سویڈش اور دیگر قومیتوں کی کمیونٹی میں خاصی مقبولیت رکھتے ہیں ۔جس کی وجہ سے انہیں سویڈن کی گرین پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کے لئے امیداور نامزد کیا گیا ہے۔
لیاقت علی خان کا کارنر میٹنگ کے شرکاءسے خطاب میں کہنا تھا کہ سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی تعداد کےپیشِ نظر کمیونٹی کی پارلیمنٹ میں نمائندگی کی اشدضرورت ہے، ان کاکہنا تھا کہ اگر وہ عام انتخابات میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے تو کمیونٹی کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ سویڈن میں سوشل سروس کی جانب سے بچوں کو تحویل میں لینے کے مسئلہ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی کے لئے یہ ایک انتہائی پیچیدہ مسئلہ ہے کیونکہ ہمارے اطوار میں بچوں کو والدین اکثر ڈانٹ ڈپٹ دیتے ہیں جو کہ سویڈن میں کسی جرم سے کم نہیں جس کی پاداش میں بچوں کو سوشل سروس اپنی تحویل میں لے لیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی جماعت اس بات پر حکومتی ایوانوں میں آواز اٹھائے گی کہ ناصرف پاکستانی بلکہ دیگر مہاجرین کو والدین اور بچوں کی پرورش کے حوالےسے تربیت دی جائے تاکہ تمام تر مہاجرین ان قوانین کو سمجھیں اور ان کی پاسداری کریں کہ بچوں کے کیا حقوق ہیں۔
کارنر میٹنگ میں اسٹاک ہوم کی نامور کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیات سعید شیخ، غلام محمد بھلی،محمد حمزہ، حیدر شاہ، رضوان بھٹی ، طارق محمود،حافظ سجادجبکہ مالمو شہر سے جمشید گل اور زبیر حسین نے خصوصی شرکت کی۔ سعید شیخ نے شرکاءسے درخواست کی کہ ہمیں آپسی رنجشوں کو بالاطاق رکھ کر اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور کمیونٹی کے نمائندے کو پارلیمان تک پہنچانےمیں ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ناصرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ ہمارے رابطے میں دیگر قومیتوں کو بھی درخواست کرنی ہوگی کے لیاقت علی خان کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔
جمشید گل کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کوشش کی جائے کہ ایک ہی شہرمیں ایک ہی پوزیشن پر دیگر پاکستانی امیداور انتخابات کی امیدواری سے گریز کریں کیونکہ ووٹ کے بٹ جانے سے ہمارا ہی نقصان ہوگا۔غلام محمد بھلی نےیقین دہانی کروائی کہ ان سے منسلک تمام تر دوست احباب کا ووٹ لیاقت علی خان صاحب کا ہی ہوگا۔حیدر شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ لیاقت علی خان سویڈش سیاست میں کافی عرصے سے پاکستان کی پہچان بننے ہوئے ہیں مگر اس بار یہ ہمارے لئے باعث اعزازہےکہ پارلیمان کی پوزیشن کے لئے ان کا نام نامزد کیا گیا ہے۔محمد حمزہ، طارق محمود سمیت دیگر صحافی برادری نے الیکشن مہم میں لیاقت علی خان کا پیغام کمیونٹی تک پہنچانے کے لئے اپنے بھرپور تعاون کااعلان کیا۔