23مارچ قائد اوراقبال کے تصورات سے ہم آہنگ ہو کر پاکستان کی خدمت کے عہد کی تجدید کا دن ہے، ڈاکٹر محمد فیصل

سفارتخانہ پاکستان برلن میں 23مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد

برلن(مہوش ظفر)23 مارچ 1940 کو جو قرار داد پیش کی گئ تھی اس کی مناسبت سے پاکستان کی بیاسیویں (82) سالگرہ پر پاکستان ہائوس برلن میں پرچم کشا ئی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مقامی جرمن اور پاکستانی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد پاکستانی سفیر نے قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشا ئی کی۔

تقریب میں حسب روایت سفارتخانہ کے افسران کی جانب سے صدر و وزیراعظم پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنا ئے گئے ۔ ان پیغامات میں اپنے آباو اجداد کی قربانیوں کے ادراک اور بحیثیت قوم عزم و استقلال پر کاربند رہنے کا حوالہ شامل تھا۔

پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے شرکاء کو تقریب میں خوش آمدید کہتے ہو ئے بتایا کہ اس دن ہم اپنے آبا ئو اجداد کو خراج عقیدت پیش کرنےکے ساتھ ساتھ اس عہد کی تجدید بھی کرتے ہیں کہ ہم پاکستان کے استحکام، خوشحالی اور جدید خطوط پر ترقی کے لئے کوشاں رہیں گے۔ انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان اہداف کے حصول کے لئے لگن، محنت اور دیانتداری کے ان اصولوں پر عمل پیرا ہوں جن کا پرچار قا ئد اعظم نے کیا اور جنکا خواب اقبال نے دیکھا تھا۔

اس موقع پر پاکستانی سفیر نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کا بھی اعادہ کرتے ہو ئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق انکا حق خودارادیت ملنے تک یہ حمایت جاری رکھے گا۔ اس موقع پر پاک جرمن دو طرفہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہو ئے انکا کہنا تھا کہ یہ تعلقات بذات خود اپنی گہرائی کے عکاس ہیں۔ سفیر نے اپنے خطاب میں او آ ئی سی کونسل آف فارن منسٹرز کے انتہا ئی کامیاب انعقاد کا حوالہ بھی دیا اور کہا کہ آج کے دن اس کانفرنس کا انعقاد بلاشبہ پاکستان کے لئے یک بڑا اعزاز ہے۔

تقریب کے دوران میڈیا سے اپنی گفتگو میں سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ آج یہ تجدید عہد کا دن ہے اور ہم پاکستان کو ترقی یافتہ اور معاشی طور پر ایک طاقتور اور مستحکم ملک دیکھنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے ہم یہاں اپنا کام کرتے رہیں گے۔یہاں یوں برلن میں اپنے ملک کا پرچم بلند کرنا بڑا اچھا لگتا ہے۔ہم دعا کرتے رہیں گے اپنے ملک کے لئے کہ تاقیامت وہ قائم رہے۔

پاکستانی کمیونٹی کے افراد کا آج کے دن کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس قسم کی تقریبات میں ہمارے لوگوں کو بھرپور شرکت کرنی چاہئے اور ساتھ ہی یہاں کی لوکل کمیونٹی سے بھی میل جول رکھنا چاہیے تاکہ ہم ان لوگوں تک اپنی بات پہنچا سکیں۔تقریب کے اختتام پر پاکستانی پرچم بنا کیک کاٹا گیا اور کمیونٹی و سفارتخانے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

Comments (0)
Add Comment