دنیا بھر کی طرح جرمنی میں بھی عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی ،پاکستان ہا ئوس برلن میں عید ملن پارٹی کا اہتمام

برلن(مہوش ظفر)دنیا بھر کی طرح جرمنی کے مسلمانوں نے بھی عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے منائی۔جرمنی بھر کی مساجد میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے۔جن میں ہزاروں کی تعداد میں بچوں بڑوں اور خواتین نے نماز عید ادا کی۔کورونا کی پابندیوں کے مکمل خاتمے کے بعد یہ جرمنی میں پہلی عید تھی جس پر لوگ آزادانہ نماز ادا کرسکتے تھے اور گلے مل سکتے تھے۔

لوگوں کے رش کی وجہ سے مساجد میں تین تین جماعتیں کروائی گئیں جن میں مسلمانوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مساجد میں تین زبانوں میں خطبے دیئے گئے جن میں مقامی زبان کے علاوہ اردو و انگریزی زبان شامل تھی۔عید الفطر کے اس پرمسرت موقع پر برلن میں موجود پاکستان ہا ئوس کے دروازے بھی کمیونٹی کے لئے کھول دیئے گئے اور سفیر پاکستان کی جانب سے ایک بہترین عید ملن کا اہتمام کیا گیا ،جہاں مزیدار روایتی کھانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔

مہمانوں میں پاکستانی طلبہ و کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے مختلف مکاتب فکر کے افراد نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ بڑی تعداد میں شرکت کی اور عید کی خوشیاں اپنے ہم وطنوں کے ساتھ مل کر منائیں۔ عید ملن پارٹی میں بچے بڑے خواتین رنگ برنگے ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے جن کی سج دھج نے پارٹی کو چار چاند لگا دیئے۔

اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل،سفارتخانے کا دیگر عملہ اور ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے جنھوں نے تمام آنے والے مہمانوں کا خوش دلی سے استقبال کیا۔ سادہ وپروقار تقریب میں سفیر پاکستان ڈاکٹرمحمد فیصل نے کمیونٹی سےگفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ساری کمیونٹی کو میری اور پاکستانی قوم کی طرف سے عید الفطر مبارک ہو، ہم میں سے ہر پاکستانی اپنے ملک کا سفیر ہے، ہمیں لوگ پاکستان کے نام سے جانتے ہیں۔

بعد ازاں سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل اور انکے ا ہل خانہ پاکستانی کمیونٹی سے گھل مل گئے۔ تقریب کے شرکاء نے سفیر پاکستان کے ساتھ تصاویر بنائیں اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ پاکستان ہائوس میں آنے والے مہمان بھی اس دعوت سے کافی خوش نظر آرہے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ آج اس طرح پاکستان ہا ئو س میں اس تقریب نے ہم کو پاکستان کی یاد دلا دی ۔

Comments (0)
Add Comment