پاکستان اوورسیزایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل کا اجلاس،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر گفتگو

بلیک برن(غلام عباس ساغر)پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل کے زیر اہتمام زوم پر ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کے حق پر گفتگو کی گئی،اجلاس میں پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل کے سنٹرل پریزیڈنٹ چوہدری محمد اکرم منہاس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے حالیہ معاملات پر اپنا لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے مشاورت کر رہے ہیں۔

چوہدری محمد اکرم منہاس نے مزید کہا کہ پاکستان اوورسیز ایسوسی ایشن فورم انٹرنیشنل ایک غیر سیاسی پلیٹ فارم ہے، حکومت کسی بھی پارٹی کی ہو ہمارا مقصد صرف اور صرف اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل پر توجہ مرکوز کرانا ہے ۔

اجلاس میں شرکا کا کہنا تھا کہ بیرون ملک میں مقیم ہر پاکستانی ملکی حالات کو دیکھ کر پریشان ہے اور وہ چاہتا ہے کہ وہ بھی ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کرے اور جب سمندر پار پاکستانی اپنے گھر والوں کے لیے پیسے بھجوا سکتے ہیں جو کہ ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں تو پھر یہ ڈالر بھیجنے والے ملکی سیاست میں اپنا کردار ادا کیوں نہیں کرسکتے؟۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یورپ میں تمام پاکستانی سفارت خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں گورنمنٹ آف پاکستان کو پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کی طرف توجہ دلائی جائے گی۔

Comments (0)
Add Comment