پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کیلئے عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ،حاجی طارق نذیر
ہماری خواہش ہے پاکستان کے ساتھ تجارت کے ساتھ اہم تعلقات بھی بڑھائے جائیں،نوشینہ شاہین
لندن(نمائندہ خصوصی)پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ بے روزگاری کا خاتمہ کر کے عوام کو خوشحال بنایا جا سکے، ان خیالات کا اظہار پاکستان کی نامور سماجی و کاروباری شخصیت اور حاجی نذیر اینڈ کمپنی کے چیئرمین حاجی طارق نذیر نے ہاؤس آف لارڈ کے دورے کے دوران برٹش پاکستانی MBE اینڈ برٹش پولیٹیکل لیڈر نوشینہ شاہین مبارک سے ملاقات کرتے ہو ئےکہی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی خطے میں اپنی ایک علیحدہ حیثیت اور مقام ہے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا اپنا ایک مقام ہے جس کی کمیونٹی دنیا میں اپنا نام اور مقام بنا رہی ہے اور عزت و احترام سے دیگر ممالک میں رہ کر جدوجہد میں مصروف ہیں ،برطانیہ پاکستان کے معاملات اور حالات کو سمجھے اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے پاکستان کی مدد کرے،پاکستان نے امن کے قیام کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں جسے سمجھنے کی ضرورت ہے اور پاکستان کی ترقی کے لیے ساتھ نبھانے کی ضرورت ہے۔
دنیا میں بسنے والے پاکستانی اور پاکستانی نژاد پارلمینٹیرین پاکستان کی حما یت میں لابنگ کریں تاکہ پاکستان دنیا کے ساتھ ترقی میں شامل ہو سکے ،موجودہ حکومت عوام کی امنگوں کے مطابق کام کر رہی ہے، میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف نے عوام کی نبض پر ہاتھ رکھا اور عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہو رہے ہیں، میاں شہباز شریف کی حکومت نے چند ہفتوں میں عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
حاجی طارق نذیر نے برٹش MBE کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دیتے ہو ئے کہا کہ یہ وقت برٹش سیاسی قائدین کے دورہ کا ہے جو پاکستان کا دورہ کر کے پاکستان کے ساتھ اہم معاہدے کر کے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اور ملکوں کے رابطے کا بہترین ذریعہ بن سکتے ہیں ۔
محترمہ نوشینہ شاہین نے کہا کہ پاکستان کا برطانیہ کے ساتھ مثالی رابطہ اور تعلق ہے ،ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کے ساتھ ساتھ اہم تعلقات بڑھائے جائیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان ان کا گھر ہے ،وہ پاکستان کا دورہ کرنا پسند کرتی ہیں ۔
اس موقع پر پاکستانی نژاد بزنس مین ریحان شیخ نے بھی لارڈ قربان اور نوشینہ شاہین سے ملاقات کر کے انھیں بتایا کہ پاکستانی برطانیہ میں رہ کر برطانیہ کی تعمیر و ترقی کے لیے کس قدر جدوجہد کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جہا ں ترقی کرنے کے مواقع موجود ہیں، بالخصوص اورسیز پاکستانی پاکستان جا کر اپنے کاروبار کو وسعت دیں۔
محترمہ نوشین شاہینہ نے اس موقع پر حاجی طارق نذیر اور ریحان شیخ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔