ویانا کی مختلف پاکستانی مساجد میں نماز جمعہ کے دوران استحکامِ پاکستان کیلئے پاکستانی افواج کے کردار کو سراہا گیا

ویانا (اکرم باجوہ) ویانا میں پاکستانی اداروں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے سلسلہ میں ہفتہ استحکامِ پاکستان منایا گیا جس میں ویانا کی مختلف پاکستانی مساجد میں نماز جمعہ کے دوران استحکامِ پاکستان کیلئے پاکستانی افواج کے کردار کو سراہا گیا۔

نماز جمعہ کے بعد ادارۃالمصطفیٰ سنٹر ویانا کے خطیب پروفیسر اظہر عباس سیالوی، مسجد البلال ویانا کے سرپرست الحاج محمد اکرم بٹ، منہاج القرآن آسٹریا کے سرپرست اعلیٰ الحاج خواجہ محمد نسیم اور مسجد البلال کے خطیب حاجی علامہ محمد ناصر اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم پاکستانی سیاست کو پاکستان میں ہی رہنے دیں۔

پاکستانی اداروں پر بے وجہ تنقید کی بجائے استحکام پاکستان کے لیے ان کی خدمات کو سرا ہیں،ہمیں چاہیے کہ بیرون ملک باہمی ناچاقیوں کی بجائے استحکام پاکستان، مسئلہ کشمیر اور پاکستان کے بہتر امیج کیلئے کام کریں اور اداروں کو متنازعہ بنانے سے گریز کرنا چاہئے کیونکہ مضبوط پاکستان کے لیے اداروں کا مضبوط ہونا ضروری ہے ۔

آخر میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور پاک فوج کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی اور بھارت میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں گستاخی اور مسلمانوں پر بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment