ویانا میں اوورسیز پاکستانیوں میں ہم آہنگی کے فروغ اور پاکستانی مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد

تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی،سیاسی اور سماجی شخصیات کی شرکت

پاکستان کے ادارے خصوصاً مسلح افواج ملکی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہے،مقررین

ویانا(اکرم باجوہ)آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں اوورسیز پاکستانیوں میں ہم آہنگی کے فروغ اور پاکستانی مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

استحکام پاکستان کی تقریب میں پاکستان کو درپیش موجو دہ چیلنجز کے با رے میں اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین ہیومن رائٹس ایکٹوسٹ پروفیسر ملک شوکت اعوان،پاکستان انجمن فیملیز کے صدر الحاج شیخ وحید احمد قریشی،منہاج القرآن آسٹریا کے سرپرست الحاج خواجہ محمد نسیم ،کرسچن کمیونٹی کے رہنما کلیم رفیق ،چوہدری محمود احمد بریار ایڈوکیٹ ،حاجی ملک امین اعوان اور آل پاکستان پریس کلب آسٹریا کے چیئرمین الحاج اکرم باجوہ کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے دل پاکستان کے لیے دھڑکتے ہیں اور ہر قسم کی آزمائش میں اورسیز پاکستانیوں نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے،آج ہمیں تجدید عہد کی ضرورت ہے کہ ہم اپنی سیاسی، سماجی اور مذہبی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر ان چیلنجز میں پاکستان اور اس کے اداروں کا ساتھ جاری رکھیں گے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ادارے خصوصاً مسلح افواج ملکی سلامتی اور استحکام کے ضامن ہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں بھی ان کا کردار قابلِ تحسین ہے، اداروں کو متنازعہ بنانے والے ہاتھ دشمنانِ پاکستان کے آلہ کار بن رہے ہیں، ہمیں چاہیے کہ اپنی سیاسی وابستگیوں سے قطع نظر اداروں کے خلاف کسی بھی منفی پروپیگنڈہ کا حصہ نہ بنیں۔

اس تقریب میں شرکت کرنے والوں نے اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عنقریب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، اسلامو فوبیا اوربھارتی رکن پارلیمنٹ کی طرف سے نبی کریم صل اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی اور بے گناہ مسلمانوں پر مظالم کے خلاف ایک بھرپور احتجاج کریں گے۔

تقریب میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگتے رہے۔تقریب کا آغاز ملک زبیر کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ،تقریب کے اختتام پر الحاج شیخ وحید احمد قریشی نے اجتماعی دعا کراتے ہوئے استحکامِ پاکستان اور پاک فوج اور عدلیہ کے لیے دعا کی ۔

Comments (0)
Add Comment