امام بارگاہ العصراسلامک سنٹرویانا میں نویں محرم الحرام کی مجالس کا انعقاد

مجالس میں مومنین ومومنات کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے ہرمکتبہ فکر کے لوگوں نے شرکت کی

حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے پورے خاندان کی قربانی دیکر نانا کا دین بچا لیا،علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ

ویانا(اکرم باجوہ)آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں امام بارگاہ العصر اسلامک سنٹرویانا نویں محرم الحرام کی مجالس کاانعقاد کیا گیا۔

مجالس میں مومنین ومومنات کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کے ہرمکتبہ فکر کے لوگوں نے خصوصاً اہل سنت جماعت مسجد المدینہ کے سربراہ علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ،مسجد البلال کے سینئر رہنما حاجی محمد آصف وڑائچ اور یورپ کے معروف نعت خواں شہر یار خان ودیگر نے اہل تشیع کمیونٹی کے ساتھ پیار محبت کو فروغ دینے اور اہلِ بیت شہداء کربلا کے ساتھ اپنی عقیدت کا اظہار کرنےکے لیے شرکت کی۔

امام بارگاہ العصر اسلامک سنٹر ویانا کی جانب سے مجلس کا انعقاد 23 ڈسٹرکٹ ویانا کے ETAP ہال میں کیا گیا۔ مجلس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا ،مجلس میں مقامی زاکرین نے بھی نوحہ خوانی کی۔

یورپ کے نعت خواں شہر یار خان نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھی تو مجلس میں وجد طاری ہو گیا ۔

علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ نے قربانی پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ سال کا آخری اسلامی مہینہ ذالحج کے بعد نئے اسلامی سال ماہِ محرم کا آغاز ہوتا ہے ان دونوں مہینوں کی نسبت قربانی سے جیسے حضرت ابراہیم کو حکم ہوا کہ اپنے پیارے بیٹے کی قربانی دیں اسی طرح محرم کے مہینے میں حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے پورے خاندان کی قربانی دیکر اپنے نانا کا دین بچا لیا۔

علامہ سبطین کاظمی نے اہل بیت پر نویں محرم الحرام کی مناسبت سے مصائب بیان کیا۔مجالس کے ا ختتام پر ماتم داری کی گئی اور تابوت شہزادہ علی اکبر برآمد کیا گیا اور حاضرین شرکاء کو لنگر حسینی تقسیم کیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment