ادبی محفل کو سیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریزنگ کا نام دیا گیا
محفل میں ادبی تنظیموں کے رہنماؤں،پروفیسرز،شعراءاور ادبی حلقے کی معروف شخصیات کی شرکت
کیمنٹز(پورٹ:مطیع اللہ)جرمنی کےمشرقی شہرکیمنٹزکی تاریخ میں پہلی بار اردو ادب کے فروغ کے لیے ادبی محفل و مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔ادبی محفل کو سیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریزنگ کا نام دیا گیا ۔
پاکستان تحریک انصاف جرمنی کے رہنماء رانا ثاقب خالد اور سماجی شخصیت و شاعر عمران علی منج نے جرمنی کے مشرقی شہر کیمنٹزکے مقامی ریسٹورنٹ میں ادبی محفل و مشاعرہ کا اہتمام کیا جس میں جرمنی بھر کی مختلف ادبی تنظیموں کے رہنماؤں، اردو کے پروفیسرز، شاعروں اور ادبی حلقے کی معروف شخصیات اور ادب سے محبت کرنے والوں نے شرکت کی ۔
تقریب میں اردو انجمن برلن کے جنرل سیکرٹری معروف شاعر انور ظہیر رہبر، پروفیسر و صحافی عشرت معین سیما، ہلمبڈ یونیورسٹی برلن کے شعبہ اردو کے پروفیسر و بزم ادب کے جنرل سیکریٹری سرورغزالی ،نوجوان شاعروں میں سے کاشف کاظمی، سماجی شخصیت نصیر احمد ملہی، افتخار احمد، عامر عزیز ،سنی رام اور پراگ شہر سے خالدہ نے خصوصی شرکت کرکے محفل کورونق بخشی۔
ادبی تقریب کے آغاز میں تلاوت قرآن پاک و نعت مقبول شریف پیش کی گئی، میزبان رانا ثاقب خالد اور عمران علی منج نے پروفیسرز شاعر وادیبوں کر کیمنٹز شہر کے پہلی ادبی تقریب میں شرکت کرنے والوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہا اور گلدستے پیش کئے ۔
ادبی تقریب میں مشاعرہ کی صدارت عشرت معین سیما نے کی جبکہ نظامت کی ذمہ داری انور ظہیر رہبر نے سنبھالی۔مشاعرہ کے آغاز میں میزبان عمران علی منج نے نعت مقبول پیشکی،برلن کے ابھرتے نوجوان شاعر کاشف کاظمی، نصیراحمد ملہی، عامر عزیزنے اپنی خوبصورت غزلوں کا سما باندھ دیا۔ان کی رومانی غزلوں نے خوب داد سمیٹی، مختلف شعراکرام نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے حوالے سے اپنی نئی نظمیں سنائی اور خوب داد وصولی۔
پروفیسر سرور غزالی، انور ظہیر رہبر نے اپنے تازہ کلام پیش کئے جبکہ سرور غزالی نے پاکستان کے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیے چندے کی درخواست کی اور اسی تناظر میں اپنے اشعار پیش کیے۔ مشاعرے کی صدر عشرت معین سیماء نے اپنی خوبصورت آواز میں اپنی غزلیں سنائیں اور اپنی غزلوں پر وہ سما باندھا کہ محفل شرکا حیرت میں ان کی غزلوں کے سحر میں مبتلا ان کے اشعار سنتے رہے۔
اختتامی کلمات میں رانا ثاقب خالد نے سامعین کی محفل کا جوق در جوق شرکت، دلچسپی اور شوق سماعت پر شکریہ ادا کیا۔
ادبی تقریب میں سیلاب زدگان کے لیے فنڈ اکھٹا کیا گیا جبکہ مشاعرے کے اختتام پر شرکاء کے لیے پرتکلف ظہرانہ سے مہمانوں کی ضیافت کرائی گئی ۔