اسٹاک ہوم(نمائندہ خصوصی)سویڈن میں انتخابات کی کوریج کے حوالے سے پاکستان فیڈرل یونین آف جنرلسٹ کے صحافیوں کی پذیرائی، عرب کاروباری شخصیت نے پاکستانی پرچم کا کیک بطور اعزاز پیش کیا۔
سویڈن کے انتخابات میں پاکستانی میڈیا پر انتخابات کے حوالے سے معلوماتی خبروں کے بروقت نشر ہونے کا نہ صرف پاکستانی کمیونٹی نے خیرمقدم کیا بلکہ دیگر مسلم کمیونٹی کی جانب سےبھی پاکستانی صحافیوں اور میڈیاہاوسز کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
عرب کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت نے پاکستانی پرچم کا کیک پاکستان فیڈریل یونین آف جنرلسٹ کے اعزاز میں سینئرصحافی زبیر حسین کو پیش کیا۔ عرب کمیونٹی کا کہنا ہےکہ تمام مسلم ممالک کے صحافیوں نے سویڈن میں مقیم مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا جس میں بالخصوص پاکستانی صحافیوں کا کردار نمایاں ہے۔
پی ایف یو جے سویڈن کے مرکزی دفتر میں صحافیوں سمیت سماجی اور سیاسی شخصیات نے اس حوالے سے خصوصی ملاقات کی جہاں انہوں نے میڈیا نمائندگان سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقینی طور پر پہلی بار پاکستانی میڈیا نے سویڈن میں مقیم پاکستانیوں تک تمام سیاسی جماعتوں کے منشور کے حوالےسے آگاہی پہنچائی اور الیکشن میں بطور امیدوار حصہ لینے والے پاکستانیوں کے بارے میں کمیونٹی کو معلومات مہیا کی۔
صحافیوں کے علاوہ سویڈن کے دیگر شہروں سے بھی کمیونٹی ممبران نے اپنےپیغام میں پی ایف یو جے کے صحافیوں کی خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ پی ایف یو جے اسکینڈے نیویا کے صدر جنید نواز چوہدری کا کہنا تھا کہ سویڈن میں نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ دیگر ممالک کے اردو بنانےوالوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا اس لیے ہماری یہ پوری کوشش رہی کہ سویڈن کے عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے نشریاتی اداروں اور اخبارات پر سویڈن کے الیکشن کے حوالے سے معلوماتی خبریں نشر کرکے اردو بولنے والوں کو مکمل معلومات فراہم کی جائے۔
پی ایف یو جے اسکینڈے نیویا کے سیکرٹری زبیر حسین کا کہنا تھا کہ سویڈن میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد نے گزشتہ تین سالوں میں یورپ کے دیگر ممالک سے ہجرت کی ہے اس لیے یہ بے حد ضروری تھا کہ ان تمام لوگوں تک سویڈن کی سیاسی جماعتوں منشور کے حوالے سے آگاہی پہنچائی جاسکے تاکہ لوگ اپنا ووٹ کاسٹ کرکے بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔
پی ایف یو جے اسکینڈے نیویا کے دیگر صحافیوں نے صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس جی ایم جمالی اور سیکرٹری جنرل رانا محمد عظیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں پی ایف یوجے کی قیادت نے جس طرح سے پاکستان اور اب پاکستان سے باہر بھی آزادی صحافت و آزادی اظہار رائے کے لیے جو جدوجہد کی ہے وہ قابل تحسین ہے۔
صحافیوں کا مزید کہنا تھا کہ پی ایف یو جے اسکینڈے نیویا قیادت کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ صحافیوں کی مدد کے لیے جلد فنڈریزنگ شروع کررہی ہے۔