طویل ہوائی سفر میں تھکاوٹ،عمر شریف جرمنی کے اسپتال میں داخل ،اہلیہ کو بھی ہنگامی ویزا مل گیا

0

نیورمبرگ (تارکین وطن نیوز)علاج کے لیے امریکا روانہ کیے گئے معروف پاکستانی اداکار عمر شریف کو جرمنی میں مزید طبی معائنے اور ریسٹ کے لیے اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔

امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق کراچی سے ایئر ایمبولینس میں روانگی کے بعد سوا سات گھنٹے کے مسلسل ہوائی سفر کے دوران عمر شریف کو تھکاوٹ اور ہلکا بخار ہوگیا تھا۔ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق کمپنی سے رابطے کے بعد انہیں رات کے لیے نیورمبرگ جرمنی کے اسپتال میں قیام کرایا گیا ہے۔ جہاں کامیڈین عمر شریف کا میڈیکل چیک اپ اور تازہ ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات ایئر ایمبولینس کمپنی کر رہی ہے، ڈاکٹرز مجھ سے رابطے میں ہیں۔ ایئر ایمبولینس عمر شریف کو لے کر جرمنی سے بدھ کی صبح آئس لینڈ کے لئے روانہ ہوگی۔ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کی صحت ٹھیک ہے۔

ادھر عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کو بھی جرمنی کا ہنگامی ویزا مل گیا۔عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل کا کہنا ہے کہ ہنگامی ویزے کیلئے جرمنی کے شہر نیورمبرگ کے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں رابطہ کرنا پڑا ،ضابطے کی کارروائی کے بعد ویزا مل گیا ہے اور اب میں اسپتال جا رہی ہوں۔ اہلیہ زرین غزل نے مزید بتایا کہ عمر شریف کی صحت ٹھیک ہے، رات نیورمبرگ میں قیام کریں گے جبکہ بدھ کی صبح انہیں اگلی منزل کے لیے روانہ کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ویزا نہ ہونے کی وجہ سے زرین غزل اپنے شوہر عمر شریف کے پاس اسپتال نہیں جا سکتی تھیں۔یاد رہے کہ علاج کے لیے امریکا روانہ کیے گئے معروف پاکستانی اداکار عمر شریف کو جرمنی میں مزید طبی معائنے اور ریسٹ کے لیے اسپتال میں داخل کر دیا گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!