لوٹن(اعجاز شائق)کشمیر کمپین گلوبل کے زیرِ انتظام برطانیہ کے شہر لوٹن میں سید علی گیلانی کے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں لارڈ نذیر سمیت آل پارٹیز جن میں جماعت اسلامی کے چوہدری شوکت ،یو کے آئی ایم کے مولانا اعوان اور مقصود صاحب ،مسلم لیگ ن کے راجہ آصف ،تحریک انصاف کے چوہدری آصف ،مسلم کانفرنس کے شبیر ملک ،پیپلز پارٹی کے ملک محی الدین اور راجہ اعظم ،جے کے ایل الف کے چوہدری یوسف اور زبیر گل ،جمعیت علماء اسلام و دیگر کی مقامی قیادت نے شرکت کی۔
مئیر آف لُوٹن کونسلر محمود حُسین ،ڈپٹی لیڈر آف کونسل راجہ اسلم خا ن، سابق مئیر آف لُوٹن کونسلر طاہر ملک،سابق مئیر آف سلاؤ عشرت ناز شاہ،سابق میئر ریاض بٹ ،مولانا حافظ اعجاز احمد،مولانا اقبال اعوان،شبیر ملک، صابر گُل،ڈاکٹر اے لون ،پروفیسر ممتاز ،مولانا فیصل ، مسعود رانا اور دیگر تمام جماعتوں کے کارکنان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین کشمیر کمپین گلوبل ظفر احمد قریشی نے کہا سید علی گیلانی ہمارا سرمایہ تھے ان کی رحلت سے تحریک آزادی میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے ،انکی تحریک آزادی کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں جماعتوں اور فرقوں سے بالاتر ہو کر کشمیر اور کشمیریوں کے لیے یک نکاتی ایجنڈے پر کام کرنا چاہیے اس موقع کو استعمال کرتے اور متحد ہو کر کشمیر پر پالیسی بنانا ہوگی ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہو ئےدیگر شرکاء نے سید علی گیلانی صاحب کی تحریک آزادی کے لیے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر شرکاء نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے خصوصی اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوا کہا کے اب وقت آ گیا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کو یک جان ہو کر پوری قوت کے ساتھ انجام کو پہنچایا جائے اور آپس کے سیاسی اختلافات بھلا کر آزادی کشمیر کے لیے کام کیا جائے۔
آخر میں تمام شرکاء نےایک قرارداد پیش کی جس میں آزادی کشمیر کےلیے باہمی اشتراک سے کام کرنے کا عزم کیا گیا۔