اسد مجید کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی کوششیں قابل تعریف ہیں،علی رضا سید

0

برسلز(نمائندہ خصوصی)چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے پاکستان کے نئے سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان کو ان کی نئی ذمہ داریوں کے حوالے مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے یہ بات اسد مجید خان کے اعزاز میں الوداعی تقریب کے دوران کہی۔

یاد رہے کہ سیکرٹری خارجہ کی ذمہ داری سنبھالنے سے قبل ڈاکٹر اسد مجید پاکستان کے یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے لیے سفیر تھے۔

علی رضا سید سے بات چیت کے دوران نئے سیکرٹری خارجہ نے مسئلہ کشمیر کو یورپ میں اجاگر کرنے کے حوالے سے کشمیر کونسل ای یو کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ کوششیں نئی جہت کے ساتھ جاری رہیں گی۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید کی پاکستان، یورپی یونین تعلقات میں بہتری لانے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے سفارتی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہم آپ کی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسد مجید خان ان دنوں بیلجیئم کے دورے پر تھے۔

تقریب کے دوران علی رضا سید نے پاکستان، یورپی یونین تعلقات کو بہتر بنانے اور کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات پر کشمیر کونسل ای یو کی طرف سے ڈاکٹر اسد مجید کو شیلڈ بھی پیش کی۔

الوداعی تقریب کے دوران پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر اسد مجید کی سفارتی جدوجہد کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی سرکاری ذمہ داری کو بھی احسن طریقے سے نبھائیں گے اور پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔

تقریب ایک مقامی ریسٹورنٹ میں ہوئی جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی اہم شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔کمیونٹی اراکین نے مختصر مدت کے دوران بہترین سفارتکاری اور کمیونٹی کے لیے گراں قدر خدمات پر ڈاکٹر اسد مجید کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ اپنی ایک سال سے کم سفارتی مدت کے دوران ڈاکٹر اسد مجید نے نہ صرف پاکستان یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے بلکہ کمیونٹی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے بھی نمایاں کوششیں کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!