تقریب میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سمیت سفارتخانہ پاکستان کے عملے کی بھی خصوصی شرکت
پیرس (رپورٹ:سلطان محمود) جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کی جانب سے بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا، تقریب میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی سمیت سفارتخانہ پاکستان کے عملے نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔
جنرل سیکرٹری منہاج القرآن فرانس قاری طاہر عباس گورائیہ نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئیے، تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والیہ وسلم سے ہوا۔
طاہر عباس گورائیہ نے اپنے ابتدائیہ میں کشمیری قوم کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم نے بھارتی ظلم و بربریت کا مقابلہ کیا مگر ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے۔
ارسلان میر کا کہنا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ زمین کا نہیں بلکہ شناخت کا مسئلہ ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سفارتخانہ پاکستان بھی ہمیشہ کی طرح پاکستانی کمیونٹی کو یکجا رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
صدر جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس مرزا آصف جرال نے پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا، انکا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیریوں کی آزادی اور انکے حق خودارادیت کیلئے کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
کشمیری رہنما عمران رشید کا کہنا تھا کہ 75 سال سے کشمیری قوم ہندوستان کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے بھارتی مظالم کشمیری قوم کے حوصلے کو پست نہ کرسکے، انہوں نے مکار بھارت کو پیغام دیا کہ کشمیری اور پاکستانی قوم ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
رکن ڈیموکریٹک فورم فرانس ذوالفقار عزیز کا کہنا تھا کہ بھارت کو خود کو جمہوریت کا علمبردار کہتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔
جموں کشمیر لبریشن یورپ کے صدر مشتاق پاشا کا کہنا تھا کہ ہمارا اخلاقی فرض ہے کہ کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کو یورپ بھر میں جتنا ہوسکے اجاگر کرنا چاہئے اور دنیا کو بھارت کا مکرو چہرہ دکھانا چاہئے۔