پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے وفد کی لبرلینڈ کے صدر ویت جڈلیکا سے خصوصی ملاقات

0

ملاقات میں لبرلینڈ کی قانونی حیثیت کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا

تیس ہزار سے زائد پاکستانیوں نے لبرلینڈ کی شہریت کی درخواست دائر کررکھی ہے،صدرلبرلینڈ

اسٹاک ہوم(نمائندہ خصوصی)پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے وفد کی لبرلینڈ کے صدر ویت جڈلیکا سے خصوصی ملاقات، لبرلینڈ کی قانونی حیثیت کے معاملات پر تبادلہ خیال، لبرلینڈ کےصدر کا کہنا تھا کہ تیس ہزار سے زائد پاکستانیوں نے لبرلینڈ کی شہریت کی درخواست دائر کررکھی ہے۔

دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا ملک ہو جہاں پر کوئی پاکستانی موجود نہ ہو یا پھر پاکستان کی موجودگی کا احساس نہ ہو، یورپی ممالک کروشیا اور سربیا کے درمیان واقع 8 کلومیٹر پر محیط لبرلینڈ جہاں اب تک آبادکاری نہیں ہوئی مگر تیس ہزار سے زائد پاکستانیوں کو اس ملک کی شہریت میسر آسکتی ہے۔ یہ ملک دنیا کا ایسا ملک ہے جو بغیر جنگ و جدل کے وجود میں آنے والا ہے۔

چیک ری پبلک کے سیاست دان ویت جڈلیکا نے 13 اپریل 2015کو لبرلینڈ کو دریافت کرنے کا اعلان کیا، لبرلینڈ کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق یہ ملک کروشیا-سربیا سرحدی تنازعہ کے بعد وجود میں آیا کیونکہ دونوں ممالک کی جانب سے اس حصہ کی ملکیت کا دعویٰ نہیں کیا گیا۔

سویڈن سے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے وفد نے زبیر حسین کی سربراہی میں سربیا اور لبرلینڈ کی سرحد پر قائم علامتی لبرلینڈ ولیج میں صدر ویت سے ملاقات کی جہاں لبرلینڈ کی قانونی حیثیت کے حوالے سے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔

ویت جڈلیکا کی جانب سے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے وفد کے لئے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا، جبکہ صدر ویت کی جانب سے پاکستان کا خیرمقدم بھی کیا گیا کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد لبرلینڈ کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔گو کہ اب تک لبرلینڈ میں آبادکاری ممکن نہیں ہوسکی مگر دنیا کے بیشتر ممالک کے شہریوں نے لبرلینڈ ای سٹیزنشپ حاصل کرلی ہے جس میں متعدد پاکستانی بھی شامل ہیں۔

ہرسال سمر میں دنیا بھر سے لوگ سربیا اور لبرلینڈ کے سرحدی علاقے میں قائم لبرلینڈ کے علامتی ولیج ARK Village میں چھٹیاں گزارنے آتے ہیں جہاں میوزک کنسرٹس کے ساتھ ساتھ متعدد کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ کئی روز تک منفرد میلہ لگا رہتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!