کوالالمپور:منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائشیا کے زیر اہتمام عید میلاد النبی کے سلسلہ میں محفل کا انعقاد
کوالالمپور(رپورٹ:محمدوقارخان) ربیع الاول کا چاند نظر آتے ہی رحمت اللعالمین کی ولادت کی خوشی میں پوری دنیا میں پرنور محافل کا آغاز ہوجاتا ہے۔
اسی سلسلہ میں "منہاج القران انٹرنیشنل ملائشیا” کے زیر اہتمام کوالالمپور میں بھی ایک محفل سجائی گئی جس میں عاشقان رسولؐ نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
اس محفل کا اہتمام صدر منہاج القرآن ملائشیا عبدالرسول بھٹی نے کیا جبکہ ڈاکٹر سید حامد فاروق بخاری پاکستان سے خصوصی طور پر تشریف لائے ۔
سید محبوب بلال ، سید سجاد شاہ ، محمد عمیر اور حافظ محمد نعیم نے دربار رسول میں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔
ڈاکٹر سید حامد نے سامعین کو بتایا کہ اپنی اولادوں کو اپنے نبیؐ کی محبت سکھایا کرو ، ربیع الاول میں گھر کی سجاوٹ ، چراغاں ، نعت خوانی ، روزانہ درود شریف کی عادت اور محافل میں شرکت اپنے بچوں میں محبت رسولؐ کی عظیم میراث منتقل کرنے کے بہترین ذرائع ہیں اور ربیع الاول اس فصل محبت کی بیجائی کا موسم ہے۔
عبدالرسول بھٹی نے شیخ السلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے فلسفہ محبت اور یکجہتی امت پر اظہار خیال کیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر سید اسد اللہ شاہ نے اسلام اور سائنس کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالی ۔
حافظ محمد موسیٰ نے منہاج القران کے تحت چلنے والے فلاحی اداروں اور انکی امت مسلمہ کے لئے اہمیت اور ضرورت پر گفتگو کی۔
آخر میں تمام عالم اسلام ، خصوصاً پاکستان کی ترقی خوشحالی سالمیت استحکام کے لئے خصوصی دعا کی ۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائشیا کے کارکنان کے علاوہ ، دعوہ اسلامی ملائشیا کے امیر مولانا محمد خلیق مدنی ، داتو جمیل حمید ،محمد عمر القادری ، غلام علی سولنگی ، علی رضا، امجد رضا مون ، حافظ محمد نعیم ، محمد شفیق ، اور محمد اقبال جنجوعہ کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی متعدد سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ۔