فلاحی تنظیم سکون سویڈن کے زیراہتمام محفل میلاد النبی کا انعقاد،خواتین اور بچوں کی بھرپور شرکت

0

سٹاک ہوم (عارف کسانہ/ نمائندہ خصوصی) دنیا بھر میں عید میلاد النبی کی تقریبات کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ فلاحی تنظیم سکون سویڈن نے عید میلاد کے موقع پر محفل میلاد النبی منعقد کی۔ اس بابرکات محفل میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سکون سویڈن کی صدر شازیہ حسن نے اس تقریب کی صدارت اور نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔ محفل میلاد کے انتظامات کے لئے سکون کی نائب صدر شازیہ زینب، فنانس سیکرٹری آصف شکور، بورڈ کی رکن شہناز منہاس اور دیگر خواتین نے تعاون کیا۔

محفل میلاد کا آغاز اریبہ افضل کی تلاوت قرآن حکیم سے ہوا جبکہ روبینہ، شہناز منہاس، ناہید احمد، کہکشاں، اقراء، عطیہ اور رافعہ نے بارگاہ رسالت مآب میں ہدیہ نعت اور درود و سلام پیش کیا۔ فاطمہ زہرا، زینب اور حفصہ نے میلاد النبی کے حوالے سے اظہار کیا۔

سکون سویڈن کی صدر شازیہ حسن نے کہا کہ محبت رسولؐ کا تقاضا ہے کہ ہم ایسی محافل کا انعقاد اکثر کریں اور اپنی زندگی کو قرآن حکیم اور اسوہ حسنہ کی روشنی میں بسر کریں۔ انہوں نے سکون تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کیں۔

پاکستان بھر میں چلنے پھرنے سے معذور لوگوں کو ان کے گھر کی دہلیز پر مفت وہیل چیئر فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں فنی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت اور کاروبار کے لئے مالی معاونت بھی کی جاتی ہے۔ مستحق بچوں کو سکول کی مفت یونیفارم دی جاتی ہے اور لڑکیوں کو کم مدتی تربیتی کورس کر وائے جاتے ہیں۔

سکون سویڈن کی تنظیم ان تمام فلاحی کاموں میں بھر پور حصہ لے رہی ہے۔ اس موقع پر سلائیڈز اور ویڈیوز کی صورت میں سکون کی پاکستان میں ہونے والی سرگرمیوں کی تفصیلات سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا گیا۔

شرکاء نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور عطیات پیش کئے۔ سکون تنظیم کے پندرہ سال مکمل ہونے پر خصوصی بچے محمد مرتضٰی نے کیک کا ٹا ۔ محفل میلاد کے اختتام پر نسرین اقبال نے خصوصی دعا کروائی اور بعد ازاں شرکاء کی ضیافت روایتی کھانوں سے کی گئی۔

سکون سویڈن کی صدر شازیہ حسن نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!