سفارت خانہ پاکستان میں ڈیلسنز گروپ کے وفد، پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں مقیم فنٹیک کمپنیوں کے نمائندوں کی ڈنر میں شرکت
آئی ٹی کے شعبے میں پاکستانی نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، سفیر پاکستان
متحدہ عرب امارات میں اپنے قدم جمانے کے لیے مختلف فن ٹیک سیمینارز میں شرکت کریں، سفیرفیصل نیاز ترمذی
دبئی (طاہر منیر طاہر) ڈیلسنز گروپ کے ایک وفد اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں مقیم فنٹیک کمپنیوں کے نمائندوں نے 11 اکتوبر 2023 کو ابوظہبی میں پاکستان کے سفارت خانے میں نیٹ ورکنگ ڈنر کی میزبانی کی۔
وفد میں مختلف فنٹیک کے 30 سے زائد نمائندے شامل تھے۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اپنے ریمارکس میں آئی ٹی کے شعبے میں خاص طور پر پاکستانی نوجوانوں میں پاکستان کی بے پناہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔
انہوں نے دورہ کرنے والے وفد کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ متحدہ عرب امارات میں اپنے قدم جمانے کے لیے مختلف فن ٹیک سیمینارز میں شرکت کریں۔
سفیرفیصل نیاز ترمذی نے ڈیلسنز گروپ کے چیئرمین جناب ابراہیم امین اور ڈیلسنز گروپ کے سی ای او طفیل احمد کو دبئی میں آئندہ "ریمٹ لنک” کانفرنس کے انعقاد پر بھی سراہا۔
انہوں نے مندوبین کو سفارت خانہ کی جانب سے ان کی کوششوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وفد نے پرتپاک مہمان نوازی اور قابل قدر تعاون پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔