صحت مند ماحول میں پرورش پاکر ہی بچہ ایک اچھا انسان بن سکتا ہے، خالد حسین
عصر حاضرکے بچے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی پہچانتے ہیں، افتخار احمد چوہدری
سیدہ عیشال زینب اور سید ارسل عباس نقوی کی خدمات کو سراہتے ہوئے ٹرافی پیش کی گئی
دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں بچوں کا عالمی دن منایا گیا، جس میں مختلف سکولوں کے بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سیدہ عیشال زینب نے انجام دیئے۔
پروگرام کے مہمان خصوصی پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے صدر چوہدری خالد حسین تھے، عیشال زینب نے کہا کہ آج بچوں کے عالمی دن کو منانے کا مقصد بچوں کے حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرنا، ان کے روشن مستقبل اور تحفظ کے حوالے سے آگاہی دینا ہے۔
تقریب کے دوران پاکستان اور یو اے ای کے قومی ترانے بجائے گئے، پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے جنرل سیکرٹری چوہدری افتخار احمد نے تمام بچوں اور اساتذہ کو خوش آمدید کہا اور بچوں کی مختلف سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ آج کے بچے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی پہچانتے ہیں اور انہیں نبھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں لیکن یہ اسی طور ممکن ہے جب وہ اپنے لئے صحیح راہیں متعین کریں۔
بچوں کے لئے مختلف سرگرمیوں کا انتظام کیا گیا تھا، جن میں سے آرٹ مقابلے میں بچوں نے پڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ پاکستان اسلامیہ ہائر سیکنڈری اسکول شارجہ اور پامیر پرائیویٹ سکول کے بچوں نے خوبصورت تقاریر اور ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین کے دل جیت لئے۔ مقابلہ میں حصہ لینے والے بچوں کو چوہدری خالد حسین اور چوہدری افتخار احمد نے ا نعامات سے نوازا۔
پامیر پرائیویٹ سکول اور پاکستان اسلامیہ ہائرسیکنڈری سکول شارجہ کو ٹرافی پیش کی گئی، خاص طور پر سیدہ عیشال زینب اور سید ارسل عباس نقوی کو بچوں کے اس عالمی دن کے موقع پران کی خدمات کو سراہتے ہوئے ٹرافی پیش کی گئی،کمیونٹی کے لئے میڈیا کی ہمہ وقت خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اور سراہتے ہوئے انہیں بھی ٹرافی سے نوازا گیا۔
پروگرام کے آخر میں چوہدری خالد حسین اور چوہدری افتخار احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ چوہدری خالد حسین نے اس موقع پر کہا کہ بچوں کا عالمی دن منانے کا مقصد بچوں کو صحت مند ماحول اور تحفظ فراہم کرنا ہے کیونکہ بہتر اور صحت مند ماحول میں پرورش پاکر ہی بچہ ایک اچھا انسان بن سکتا ہے۔ جبکہ پاکستان سوشل سینئر شارجہ کا مقصد بھی یہی ہے کہ وہ اپنی پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتا رہے۔