ماؤزے تنگ کی سوچ ہماری پارٹی کی قیمتی روحانی دولت ہے شی جن پھنگ
بیجنگ (ویب ڈیسک) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی نے چین کے آنجہانی رہنما ماؤ زے تنگ کی130 ویں سالگرہ منانے کے لیے بیجنگ میں ایک فورم کا انعقاد کیا۔ سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکریٹری،چین کے صدر مملکت اور سینٹرل ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اجلاس میں شرکت کی ۔
منگل کے روز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شی جن پھنگ نے کہا کہ کامریڈ ماؤ زے تنگ ایک عظیم مارکسٹ، ایک عظیم انقلابی، حکمت عملی مرتب کرنے والے اور نظریہ ساز تھے۔ وہ مارکسزم کی لوکلائزیشن کے ایک عظیم رہنما ، چین کی سوشلسٹ جدیدیت کی مہم کے عظیم بانی، جدید دور میں چین کے عظیم محب وطن اور قومی ہیرو، پارٹی کی مرکزی قیادت کی پہلی نسل کا مرکز تھے جنہوں نے چینی عوام کو اپنی تقدیر اور ملک کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کے لیے رہنمائی کی۔
مائوزے تنگ عظیم بین الاقوامیت پسند بھِی تھے جنہوں نے دنیا کی مظلوم قوموں کی آزادی اور انسانی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کیا، صدر شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ ماؤزے تنگ کی سوچ ہماری پارٹی کی قیمتی روحانی دولت ہے اور طویل عرصے تک ہمارے افعال کی رہنمائی کرے گی۔ کامریڈ ماؤ زے تنگ کی یاد منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انہوں نے جو مقصد شروع کیا تھا اسے آگے بڑھایا جائے ۔ فورم سے قبل شی جن پھنگ سمیت چینی رہنماوں نے چیئرمین ماؤ کے میموریل ہال میں ماؤ زے تنگ کی باقیات کو خراج عقیدت پیش کیا۔