بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نئے سال کی مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔اتوار کے روز چینی حکومت اور عوام کی جانب سے شی جن پھنگ نے صدر پیوٹن اور روسی عوام کو دلی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ گزشتہ سال دونوں فریقوں کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد مزید گہرا ہوا ہے، اسٹریٹجک تعاون قریب تر ہوا ہے اور باہمی فائدہ مند تعاون سے مسلسل نئے نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
چین اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم مقررہ وقت سے پہلے 200 بلین امریکی ڈالر کے ہدف تک پہنچ گیا ہے۔کھیلوں کے تبادلوں کا سال کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بنیاد مضبوط ہوئی ہے۔
صدر شی جن پھنگ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منانے اور چین روس ثقافتی سال کے انعقاد کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئےمیں صدر پیوٹن کے ساتھ قریبی تبادلوں کو برقرار رکھنے کے لئے تیار ہوں تاکہ دونوں ممالک باہمی اعتماد اور تعاون کو مسلسل فروغ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ چین اور روس کے تعلقات درست راستے پر مسلسل آگے بڑھتے رہیں گے۔
روسی صدر پیوٹن نے صدر شی جن پھنگ کو نئے سال کی دلی مبارکباد دی اور دوستانہ چینی عوام کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔ پیوٹن نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں فریقین کی مشترکہ کوششوں سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں نتیجہ خیز تعاون کے وسیع نتائج حاصل ہوں گے اور دونوں فریق اقوام متحدہ، جی 20 ، شنگھائی تعاون تنظیم اور برکس میکانزم کے فریم ورک کے اندر تعاون میں نئی پیش رفت بھی حاصل کریں گے۔ اسی دن چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ اور روسی وزیر اعظم میشوسٹن نے بھی نئے سال کی مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔