ویانا :پاک سینٹر مسجد المدینہ میں شہدائے کربلاؓ کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے روحانی محفل کا انعقاد
ویانا (رپورٹ :محمد عامر صدیق) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں پاک سینٹر مسجد المدینہ میں شہدائے کربلاؓ کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے روحانی محفل کا انعقاد 21 جولائی بروز اتوار 2024 کیا گیا۔ محفل میں آسٹریا کے چھوٹے بڑے شہروں سے پاکستانی کمیونٹی کے بزرگوں، نوجوانوں اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔
محفل کا آغاز تلاوت قران پاک سے کیا گیا جس کی سعادت قاری شبیر کو حاصل ہوئی، بعداز حمد و نعت و منقبت اویس صدیقی،محمود الحسن،مقصود مغل، شبر عباس نقوی،کمائل عباس نقوی اور محمد شہریار خان نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت اور اشعار کی صورت میں شہدائے کربلا کو خراج تحسین پیش کیا۔
پاک سینٹر مسجد المدینہ کے خطیب اور اسلامک اسکالر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ نے اپنے خصوصی خطاب میں کربلا کے شہداء پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ مزید انہوں نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا اللہ رب العزت اپنی مقدس کتاب میں شہداء کا تعارف اور ان کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ شہید کو مردہ مت کہو کیونکہ وہ زندہ ہیں اور واقعہ کربلا تاریخ انسانی کا وہ عظیم باب ہے جس سے حق اور باطل کی پہچان ہوتی ہے اور قیامت تک امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نام امر ہو گیا۔
اگر واقعہ کربلا بپا نہ ہوتا تو حق اور باطل کی پہچان نہ ہوتی، حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جان کا نذرانہ دے کر کفر کے آگے نہ جھکنے کو جو درس دیا ہے وہ قیامت تک کے مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے کہ حق کی خاطر مسلمان کی گردن کٹ تو سکتی ہے مگر جھک نہیں سکتی۔
بعداز سب نے مل کر صلات وسلام حضور اکرم صلی اللّٰہ علیہ السّلام اور منقبت سلام کربلا کے شہداء کی بارگاہ اقدس میں پیش کی، پاک سینٹر مسجد المدینہ کے خطیب نے خصوصی دعا شہدائے کربلا ملک پاکستان، فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں حاضرین کے لیے خصوصی دعائیں کی۔
آخر میں پاک سینٹر مسجد المدینہ کے خطیب اور اسلامک اسکالر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ نے تمام لوگوں کا محفل میں آنے کا شکریہ ادا کیا،بعد از محفل میں آنے والوں کے لیے لنگر حسینی پیش کیا گیا۔