پاکستان اور سویڈن دونوں کے باہمی مفاد کیلئے تعلقات فروغ پاتے رہیں گے، سفیر پاکستان بلال حئی

0

پاکستان اور سویڈن کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر سٹاک ہوم میں پروقار استقبالیہ کا اہتمام

سٹاک ہوم (عارف محمود کسانہ/نمائندہ خصوصی) پاکستان اور سویڈن کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر سٹاک ہوم میں ایک پروقار استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان ہاؤس میں ہونے والی یہ تقریب سفارت خانہ پاکستان اور سفیر پاکستان بلال حئی کی جانب سے منعقد کی گئی۔

تقریب میں سویڈن کی وزارت خارجہ کے حکام، کاروباری برادری کے نمائندوں، تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز سویڈش اور پاکستانیوں نے شرکت کی،تقریب کی نظامت سفارت خانہ پاکستان کی فسٹ سیکرٹری/ہیڈ آف چانسری سیدہ وردہ بی بی نے سرانجام دیں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ حاضرین نے دونوں ممالک کے قومی ترانے احترام سے سنے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان عزت مآب بلال حئی نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ان تعلقات کو مضبوط بنانے میں سویڈن میں مقیم پاکستانیوں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ سویڈن کے کئی تجارتی ادارے پاکستان میں متحرک ہیں اور دونوں ممالک میں قریبی تجارتی، ثقافتی، تعلیمی اور دیگر شعبوں میں تعلقات قائم ہیں۔

دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی نسبت سویڈن میں مقیم پاکستانی اعلیٰ تعلیم اور ہنر مند ہیں اور وہ میزبان ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ دونوں ممالک میں قربت کا بھی باعث ہیں۔

سفیر پاکستان نے سویڈن کی جانب سے پاکستان میں کئی اہم منصوبوں اور تعاون کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے ماضی سابق وزراء اعظم ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے دوروں کا بھی ذکر کیا۔ جناب بلال حئی نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سویڈن دونوں کے باہمی مفاد کے لیے تعلقات فروغ پاتے رہیں گے۔

اس موقع پر سویڈن کی وزارت خارجہ میں ایشیا پیسیفک کے ڈائریکٹر جنرل نے دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کی اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم رکھنے کی امید اور عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 اکتوبر 1949ء کو سویڈن کے سفیر نے پاکستان کے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین کو اپنی سفارتی اسناد پیش کرکے دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے پاکستان میں اپنے قیام کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک اور پاکستانی بہت مہمان نواز قوم ہیں۔ انہوں نے سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بہت متحرک اور اہم کردار ادا کررہی ہے۔

تقریب میں سید بابر علی کا ویڈیو پیغام شامل تھا۔ وہ 1954ء میں سویڈن آئے تھے اور پھر سویڈن کی کمپنی ٹیٹرا پیک کے تعاون میں پاکستان میں اس کی بنیاد رکھی۔ پاکستان میں طویل عرصہ تک صحت اور سماجی بہبود کے لئے کام کرنے والی سویڈن خاتون Ruth Wenny Lekardal جنہیں صدر پاکستان سے تمغہ حسن کارکردگی مل چکا ہے، اپنے ویڈیو پیغام میں پاکستان میں اپنے طویل دور کا ذکر کیا۔

اس تقریب میں پاکستانی نژاد اوپیرا سنگر وینسٹ ہاشمی کی پرفارمنس بھی شامل تھی۔ تقریب کے اختتام پر دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور شرکاء کی ضیافت لذیذ پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!