اولڈہم:بین الاقوامی شاعرہ نعمانہ کنول کی جانب سے جرمنی سے آئے پنجابی کے شاعر امجد عارفی کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد
اولڈہم (رپورٹ:محمد فیاض بشیر) خزینہ شعر و ادب کی بانی بین الاقوامی شاعرہ نعمانہ کنول کی رہائش گاہ پر جرمنی سے آئے پنجابی کے شاعر امجد عارفی کی ادبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا ۔
خزینہ شعر وادب کے سرپرست اعلیٰ سید سجاد حیدر شاہ ،جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی راجہ نجابت حسین، چیئرمین خزینہ شعر و ادب امتیاز شیخ، سرگرم سماجی خاتون روبینہ خان ،سیکرٹری اطلاعات خزینہ شعر و ادب صابرہ ناہید،ہیری بوٹا ،اردو گلوبل کے روح رواں کمیونٹی کے سرگرم سماجی کارکن مرزا شہزاد ، مخدوم امجد شاہ و دیگر ادبی شخصیات کی خصوصی شرکت۔
پنجابی زبان کے شاعر امجد عارفی کا کہنا تھا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ مادری زبان کی ترویج و اشاعت کے لیے یورپ اور برطانیہ میں کام ہو رہا ہے ایسی تقریب تاکہ ادب کا شوق پیدا ہو اور لوگ زبان کے لیے لکھنا شروع کریں ۔راجہ نجابت حسین نے کہا کہ پاکستانی ثقافت کو برطانیہ میں اجاگر کرنے کے لیے نعمانہ کنول کا کردار قابل ستائش ہے،صابرہ ناہید نے ادبی محفل کو مفید قرار دیا۔
خزینہ شعر و ادب کے چیئرمین شیخ نے کہا کہ ہم نے ایک بار پھر اپنے قریبی رفقا کو دعوت دی تاکہ ادب کو فروغ دیا جائے،خزینہ شعر و ادب کے سرپرست اعلیٰ سید سجاد حیدر شاہ نے کہا کہ ہم اردو زبان کو تو پہلے ہی اجاگر کر رہے ہیں لیکن آج پنجابی زبان بارے آگاہی دی گئی۔روبینہ خان نے کہا ساتھیوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی ایسی ہے محسوس ہو رہا ہے کہ جیسے گھر کے افراد جمع ہو کر پارٹی کر رہے ہیں ۔
اردو گلوبل کے مرزا شہزاد نے محفل میں شریک افراد کا دلی شکریہ ادا کیا جنہوں نے گرد و نواح کے علاقوں سے شرکت کر کے ادبی محفل کی رونق دوبالا کی۔ خزینہ شعر و ادب کی بانی و بین الاقوامی شاعرہ نعمانہ کنول شیخ نے تمام معزز مہمانوں کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو خوش کرنا بھی عبادت ہے ہم ہمیشہ ایسی محافل کا انعقاد کرتے ہیں جس میں بحیثیت مسلمان ہم اپنی حد کو پار نہ کریں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ہم نئے لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں تاکہ اردو ادب اور مادری زبان زندہ رہے ، خزینہ شعر و ادب انٹرنیشنل کی برطانیہ میں اردو ادب اور مادری زبانوں کو اجاگر کرنے کی کاوشوں کو کمیونٹی کے اندر بے حد پذیرائی ہے۔