علامہ شہنشاہ حسین نقوی کا سویڈن کے شہر مالمو کا دورہ

0

اہلسنت والجماعت کی سرکردہ شخصیات سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی

مالمو (نمائندہ خصوصی) سویڈن کے شہر مالمو میں باقر العلوم مالمو کے زیر اہتمام امام موسی کاظم علیہ سلام کی شہادت کے حوالے سے ایک تاریخی مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔

تقریب میں اہلسنت والجماعت کی سرکردہ شخصیات سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے اپنے خطاب میں امام موسی کاظم علیہ سلام کی زندگی اور شہادت کے حوالے سے تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ امام موسی کاظم ایک ایسی شخصیت تھے جنہوں نے صبر کی مثال قائم کی۔

آپ کو چودہ سال زندان میں رکھا گیا جہاں آپ پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے۔ امام موسی کاظم کو ایک سازش کے تحت زہر دیا گیا جس کے نتیجے میں آپ نے تین دن تک سخت رنج و تعب برداشت کیا اور آخر کار درجہ شہادت پر فائز ہوئے۔

علامہ نقوی نے کہا کہ امام موسی کاظم کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ ظلم کے خلاف ہمیشہ ڈٹے رہنا چاہیے اور حق کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔اس موقع پر علامہ نقوی نے شیعہ سنی اتحاد کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات اپنی جگہ ہیں، مگر جب وطنِ عزیز کی بات آتی ہے تو ہمیں اتحاد کی مثالیں دیکھنے کو ملتی ہیں۔

انہوں نے خاص طور پر صوبہ سندھ کا ذکر کیا جہاں کی بیشتر امام بارگاہیں سنی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں نے بنائی ہیں، یہ اتحاد بین المسلمین کی مثال ہے جو مالمو میں بھی دیکھی جا سکتی ہے۔پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ سے زبیر حسین نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور کہا کہ مالمو شہر میں شیعہ سنی اتحاد کی مثالیں موجود ہیں۔

انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ہم چاہے شیعہ ہوں یا سنی، جب بات اہلبیت کی آتی ہے تو ہم سب ایک ہیں۔ یہ اتحاد ہمیں مزید مضبوطی عطا کرتا ہے اور ہمیں ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے۔تقریب کے دوران مقامی شعرا نے بھی شان اہلبیت کے حوالے سے کلام پیش کیا، جس نے حاضرین کے دلوں کو گرما دیا۔

یہ مجلس عزاء نہ صرف امام موسی کاظم کی یاد میں منعقد کی گئی بلکہ اتحاد بین المسلمین کا پیغام بھی عام کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر علامہ شہنشاہ نقوی نے میڈیا کے لئے خصوصی پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!