منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین،پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا حضور نبی اکرمؐ کا معجزہ شب معراج پر خصوصی خطاب بھی شرکاء کو دکھایا گیا
ڈبلن آئرلینڈ (رپورٹ:وسیم بٹ) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام منہاج القرآن آئرلینڈ کے سینیئر نائب صدر رضوان احمد طور کی رہائش گاہ ڈبلن میں درود و سلام کی ایک روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات اور بچوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
محفل کا آغاز حافظ تنویر حسین نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور تمام شرکاء نے حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں درود پاک کا نزرانہ پیش کیا جبکہ منہاج القرآن کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالقدیر ،رضوان احمد طور اور آصف علی نے حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔
منہاج القرآن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محی الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور پاکستان اور پوری دنیا بھر میں جس طرح ختم الصلوۃ علی النبیؐ کا آغاز کیا اس سے آپ بخوبی واقف ہیں اور آج کی ہماری یہ محفل اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
محی الدین نے درود و سلام کی فضیلت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درود و سلام کی اس طرح کی محافل قلب و روح کی پاکیزگی و طہارت ،تقوی و پرہیزگاری ،گناہوں کی بخشش ،محبت رسولؐ اور قرب الٰہی کا سبب بنتی ہیں درود و سلام ایسی لازوال دولت ہے جسے مل جائے اس کی دین و دنیا سنور جاتے ہیں درود و سلام حضور نبی اکرمؐ کی تعریف اللہ تعالی کی رحمت کا خزانہ بلندی درجات کا زینہ قرب خداوندی کا آئینہ اور خیر و برکت کا سفینہ ہے ۔
اس کے علاوہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا حضور نبی اکرمؐ کا واقعہ معجزہ شب معراج پر خصوصی خطاب بھی حاضرین کو دکھایا گیا ۔جسے حاضرین نے بڑی دلچسپی اور توجہ سے سنا ۔بعد میں حلقہ ذکر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
آخر میں حاضرین نے کھڑے ہو کر حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور حافظ تنویر حسین نے تمام عالم اسلام،پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی اور حاضرین کی تواضع مصطفویؐ لنگر سے کی گئی۔