لندن:سٹریڈ فورڈ میں جامعہ نورالھدٰی ادارے کے افتتاح کے موقع پر حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کانفرنس کا انعقاد
لندن(سدرہ بھٹی)گزشتہ روز 29جنوری بروز ہفتہ شام 6بجے ایسٹ لندن کے علاقے سٹریڈ فورڈ میں جامعہ نورالھدٰی ادارے کا کامیاب افتتاح ہوا اور اس پر مسرت موقع پر حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔
پروگرام میں خلیفہ اول جلیل القدر صحابی حضرت ابو بکر صدیقؓ کی شان اور بلند مرتبہ کردار پر روشنی ڈالی گئی تاکہ نئی آنے والی نسلوں تک یہ پیغام دیا گیا کہ وہ بھی اپنی زندگی میں قرآن و سنت کو اپنائیں،تب ہی وہ کامیابی کے رستے پر گامزن ہو سکتے ہیں۔
زیر سر پرستی استاد العلما حضرت علامہ اعجاز احمد نیروی امیر اہلسنت، علامہ شیخ ثنا اللہ سیٹھی،علامہ قاری طارق محمود قادری اور صاحبزادہ صوفی محمد اویس اویسی نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے خوش آمدید کہا۔
تلاوت کلام پاک کی سعادت امام قاری محمد اسامہ ڈار نے حاصل کی کی جبکہ نعت رسول مقبولؐ اویسی برادران آف لوٹن جناب غیور الحسن سلطانی،صاحبزادہ طلحہ اعجاز اور صاحبزادہ محمد حارث سیٹھی نے پیش کی۔
نقابت کے فرائض علامہ ثنا اللہ سیٹھی نے سر انجام دیئے،مہمانوں میں حضرت علامہ سید اشتیاق حسین شاہ،حضرت علامہ قاری عبدالمجید قادری،مولانا حبیب الرحمن و دیگر علمائے کرام شامل تھے،چیئر مین فروبل لرننگ گروپ عبدالحمید خان ،کونسلر ذوالفقار علی اور کونسلر مشتاق مغل نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
یادر رہے نورالھدٰی آرگنائزیشن جس کے بانی و چیئرمین علامہ اعجاز احمد نیروی ایم اے فاضل علوم دینیا ہیں جو آستانہ عالیہ نیریاں شریف سے فیض یافتہ اور اسلامک یونیورسٹی بھیرہ شریف کے گریجوایٹ ہیں، نورالھدٰی آرگنائزیشن پاکستان میں 14 دینی ادارے بنا چکی ہے اب انگلینڈ میں ادارہ جات کا سلسلہ شروع کر چکی ہے، جن میں سے ایک ادار ہ پچھلے ماہ بارکنگ میں قائم کیا گیا اور دوسرے ادار ے کا افتتاح گزشتہ روز ایسٹ لندن کے علاقے سٹریڈ فورڈ میں کیا گیا۔
پروگرام کے اختتام پر دعائیہ تقریب کا انعقاد ہوا اور تمام مہمانوں کا تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا گیا۔