گلاسگو(نمائندہ خصوصی)پاکستان تحریک انصاف گلاسگو کی جانب سے عمران خان کو وزارت عظمی سے ہٹائے جانے اور تحریک عدم اعتماد کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، احتجاجی مظاہرے کا اہتمام چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر کیا گیا ، مظاہرے میں پی ٹی آئی گلاسگو کے رہنمائوں اور کارکنان عمیر نذیر،علی حیدر،امجد مغل،عمر اسحاق،طارق شبیر،رانا حامد،ظفر اللہ خان سمیت پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔
مظاہرے کے شرکاء نے عمران خان کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی، اس موقع پر فضا امپورٹڈ حکومت نامنظور نامنظور ، اور عمران خان زندہ باد جیسے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی ، شرکاء کا کہنا تھا کہ وہ کل بھی عمران خان کیساتھ تھے اور مرتے دم تک عمران خان کیساتھ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ امپورٹڈ حکومت کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے ، مقررین کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستانی عوام کو ایک قوم بنا دیا ہے، دنیا بھر میں ہونیوالے احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں عمران خان کی سچائی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔