جدہ(امیر محمد خان)عالمی میمن ڈے کے موقع پر میمن ویلفیئر سوسائٹی۔ماسا نے جدہ کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب منعقد کی جس میں میمن برادری کی نامور سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں میمن لیڈر شپ فورم-MLF کے صدر عبدالرحیم جانو، سابق نائب صدر چیمبر آف کامرس فیڈریشن عثمان شیخ، ماسا کے سابق صدر یعقوب موسانی، نائب صدر جناب منصور شیوانی اور عبدالرزاق ورسانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
رمضان المبارک کی مناسبت سے افطار و ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔ افطار کے بعد پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد عاقل تیلی نے حاصل کی۔ کلیم جیت پور والا نے اپنے منفرد انداز میں نعتیہ کلام پیش کیا۔
ماسا کے صدر جناب شعیب سکندر نے تقریب میں موجود مہمانان کو ماسا کی سالانہ کارکردگی کے بارے میں بتایا کہ ماسا نے فلاحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تعلیم اور کھیل کے شعبے، کمیونٹی کے روابط بڑھانے اور اصلاحی ایونٹ منعقد کرنے پر بھی توجہ مرکوز رکھی ہیں۔ میمن ڈے کے حوالے سے خصوصی طور پر ضرورت مند افراد میں راشن کی تقسیم کو مزید منظم طریقے سے انجام دیتے ہوئے پہلے سے بھی زیادہ لوگوں کو مدد فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے ماسا کے تمام بورڈ ممبران کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے راشن کی تقسیم میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔
جنرل سیکریٹری صادق سوراٹھیا نے کہا کہ انسانی فلاح و بہبود اور خدمات کے لئے میمن برادری بالخصوص ماسا ہر وقت تیار رہتی ہے اور کسی بھی تفریق کے بغیر انسانی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب سے استعمال شدہ کپڑے، کارآمد دوائیاں، کھلونے اور چند بنیادی تعلیمی اشیاء بھی جمع کر کے پاکستان اور دیگر کئی ممالک میں ضرورت مند لوگوں میں تقسیم کی جاتی ہیں۔
مہمان خصوصی میمن لیڈر شپ فورم MLF کے صدر عبدالرحیم جانو نے اپنے خطاب میں کہا کہ میمن برادری کا نصب العین بلا تفریق اور بلا حدود انسانی خدمت ہے اور یہ اس کا شعار بھی ہے۔ دنیا کے ہر خطہ میں آباد میمن انسانی خدمت کے ہر دائرے میں بے مثال خدمات انجام دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں سعودی عرب میں ماسا کا کردار قابل تعریف ہے۔
ماسا کے صدر، نائب صدر اور جنرل سیکریٹری کے ہاتھوں مہمان خصوصی عبدالرحیم جانو اور منصور شیوانی کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئیں۔ دیگر شریک مہمانان کو روایتی شال اور تحائف بھی پیش کئے گئے۔
تقریب کے اختتامی کلمات میں ماسا کے نائب صدر وسیم عبدالرزاق تائی نے ماسا کے تمام بورڈ ممبران کو میمن ڈے کے اس ایونٹ کے انعقاد میں ذاتی طور پر تعاون کرنے کو سراہا اور مہمانان کا اس پروگرام میں شرکت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔