پی ٹی آئی اسپین کے زیر اہتمام خود مختار پاکستان ریلی میں ہزاروں افراد کی شرکت،عمران خان کے حق میں نعرے
بارسلونا(ارشد نذیر ساحل )پاکستان تحریک انصاف سپین کے زیر اہتمام”خود مختار پاکستان ریلی اور احتجاج ” کا انعقاد کیا گیا ۔ پاکستان تحریک انصاف سپین کے صدر محمد شیراز بھٹی نے ریلی کی قیادت کی ۔ ریلی میں سپین بھر سے پی ٹی آئی سپین اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔
خود مختار پاکستان ریلی یونیورسٹی گراونڈ سے شروع ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی بارسلونا کے معروف سیاحتی مقام پلاسہ کاتالونیا میں اختتام پذیر ہوئی ۔ پلاسہ کاتالونیا پہنچ یہ ریلی جلسے میں تبدیل ہوگئی ۔ حاضرین نے عمران خان سے یکجہتی کے لئے نعرہ بازی کی ،احتجاجی ریلی کی نظامت کے فرائض سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی اسپین چوہدری عبدالصبور نے ادا کیے جبکہ پی ٹی آئی کے درجنوں رہنماوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امپورٹڈ حکومت کے خلاف اور فوری الیکشن کا مطالبہ کیا اور اوورسیز کے ووٹ کے حق پر زور دیا گیا اور کہاکہ اگر ہمارے ووٹ کے حق کو چھیڑا گیا تو ہم اسلام آباد تک پہنچیں گے یہ ہمارا آئینی حق ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی بالکل قابل قبول نہیں ہو گی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں مزید کہا ہم اپنے قائد سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے آج دیار غیر میں احتجاجی ریلیاں اور جلسے جلوس نکال رہے ہیں اور جب بھی ہمارا قائد ہمیں آواز دے گا ہم اسی طرح احتجاج کرتے رہیں گے۔