کیلیفورنیا (تارکین وطن نیوز)امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لیور مور میں 72 سالہ بزرگ شہری کی جان بچانے پر مقامی پولیس نے پاکستانی نوجوان بلال شاہد کو ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی شہر لیورمور میں 72 سالہ شہری واک کرتے ہوئے فٹ پاتھ پر گر پڑے اور بے ہوش ہوگئے، اس دوران وہاں سے فیملی کے ہمراہ گزرنے والے پاکستانی نوجوان بلال شاہد گاڑی روک کر بے ہوش شہری کی مدد کو پہنچے۔
بزرگ شہری کو سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی اور ان کی نبض بھی ڈوب گئی تھی جس پر بلال نے میڈیکل ایمرجنسی کیلئے ہیلپ لائن پر فون کیا اور شہری کی حالت کا بتایا۔اس دوران فون پر آفیسر نے پاکستانی نوجوان کو بزرگ شہری کو دل کی دھڑکن اور سانس کو بحال کرنے کے ہنگامی طریقہ کار (سی پی آر) کو بروئے کار لاتے ہوئے طبی امداد دینے کا کہا تاہم پاکستانی نوجوان کو ہنگامی طبی امداد کا علم نہ تھا۔
اس دوران فون پر ہی آفیسر نے طریقہ سمجھایا اور بلال شاہد نے اس طریقے پر عمل کیا اور اتنی دیر میں میڈیکل ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی جہاں بزرگ شہری کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔امدادی ٹیم کے کیپٹن کے مطابق بلال شاہد کی جانب سے شہری کو موقع پر سی پی آر دینے کے باعث اسپتال لے جاتے ہوئے نبض بحال ہوئی اور ان کی جان بچانا ممکن ہوا۔
جان بچانے پر بزرگ شہری کے اہلخانہ نے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانی نوجوان کو تلاش کیا اور ان کے گھر تحائف اور تہنیتی پیغام بھیج کر شکریہ ادا کیا۔
اس حوالے سے بلال شاہد کا کہنا تھا کہ انسانی جان بچا کر جو خوشی حاصل ہوئی اسے بیان کرنا مشکل ہے، میرے لیے بڑا ایوارڈ بزرگ کا بچ جانا ہے، بزرگ کی فیملی نے سوشل میڈیا کے ذریعے مجھے تلاش کیا اور تحفے اور کارڈز بھیجے ہیں۔
دوسری جانب مقامی پولیس نے بزرگ شہری کی جان بچانے پر پاکستانی نوجوان کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے تقریب 9 مئی کو لیورمور سٹی کونسل میں ہوگی۔
اُدھر سوشل میڈیا پر بھی پاکستانی نوجوان کی جانب سے بزرگ کی جان بچانے کو سراہا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے بلال شاہد امریکا کے شہر لیورمور میں کئی سالوں سے مقیم ہیں۔