ناروے میں یوم آزادی جوش و خروش سے منایا گیا، اوسلو میں پریڈ میں 30 ہزار سے زائد بچوں کی شرکت

0

ڈاکٹر ندیم حسین نے ناروے کےیوم آزادی کے موقع پر ہنرک ابسن کی قبر پر پھول چڑھائے

اوسلو سٹی کونسل کے ممبر طلعت بٹ اور ڈاکٹر ندیم حسین نے قومی دن کی اہمیت کو اجا گر کیا

اوسلو(عقیل قادر)ناروے کا آئین 16 مئی 1814کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا جبکہ آئین کے دستاویزات پر دستخط 17 مئی کو کیے گئے جس کی وجہ سے یوم آئین کو یوم آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ناروے کا یوم آزادی بہت ہی منفرد انداز میں منایا جاتا ہے ۔

ایک سروے کے مطابق ناروے کے 80 فیصد لوگ بھرپور طریقے سے آزادی کے جشن کا اہتمام کرتے ہیں، ناروے بھر میں17 مئی کے روز ناروے کے ہیروز کی قبروں پر پھول چڑھائے جاتے ہیں اور ناروے کی ترقی میں انکے کردار کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔

دنیا بھر میں معروف مصنف و ڈرامہ نگار ہنرک ابسن کی قبر پر ناروے میں مقیم اردو ادب کی معروف شخصیت ڈاکٹر ندیم حسین نے پھول چڑھائے اور ہنرک ابسن کی ادب کے لیے کی گئی کاوش پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ناروے میں سکول کے بچے مرکزی شاہرائوں پر جھنڈے اٹھائے اور ناروے زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے پریڈ کرتے ہیں ،اس سال اوسلو میں 30ہزار سے زائد سکول کے بچوں نے پریڈ میں حصہ لیا۔ اوسلو میں بچوں کی پریڈ کا آغاز 1870 میں کیا گیا اور ہر سال یوم آزادی کے موقع پر ناروے کے بادشاہ اپنی فیملی کے ہمراہ بالکونی سے ہاتھ ہلا کربچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

اوسلو سٹی کونسل میں روایت کے مطابق ایک لنچ کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں اوسلو کی میئر اور 17 مئی کمیٹی کے چیئرمین اور انکی ٹیم کے ممبران خصوصی شرکت کرتے ہیں جبکہ یوم آزادی کی تقریب میں کسی بھی حوالے سے مدد کرنے والوں کو بھی شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

اوسلو سٹی کونسل کے ممبر طلعت بٹ اور ڈاکٹر ندیم حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی دن کی اہمیت کو اجا گر کیا اور ناروے کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو سراہا اور یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!