نیو یارک (طاہر محمود چوہدری) اقوام متحدہ کے امن دستوں میں شامل چھ پاکستانی فوجیوں کو بعداز مرگ اعزاز سے نوازدیا گیا،پاکستان کے مستقل مندوب نے سیکریٹری جنرل سے اعزازات وصول کیے۔
چھ پاکستانی امن دستوں کے اراکین سمیت دنیا بھر سے اقوام متحدہ کے 117 امن فوجی شامل ہیں، جنہیں اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز نیویارک میں ایک خصوصی تقریب میں بعد از مرگ اعزاز دئیے گئے، پاکستانی فوجیوں کے اعزازات اقوام متحدہ میں ہوئی ایک خصوصی تقریب میں اقوام متحدہ کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس سے وصول کیے۔
سنہ 2021 میں اقوام متحدہ میں خدمات دیتے ہوئے جان کی بازی ہارنے والے پاکستانی شہریوں طاہر اکرام (UNAMID) ،طاہر محمود، (مونسکو) ،محمد نعیم (UNAMID)، عادل جان (UNAMID)، محمد شفیق، (MINUSCA) اور ابرار سید شامل تھے۔
پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ "میں شہید ہونے والے امن فوجیوں بالخصوص پاکستانی فوجیوں کے خاندانوں اور پیاروں کے ساتھ دلی تعزیت کرتا ہوں جنہوں نے 2021 میں اقوام متحدہ کے امن دستوں میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے اپنی جانیں دیں، ہم ان کے ورثاء کے دکھ میں برابرکے شریک ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،ان امن فوجیوں نے اپنی جانوں سے اقوام متحدہ کی روح اور اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی کا مظاہرہ کیا، ہم انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے، ان کی عظیم قربانی اقوام متحدہ اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی لازوال خدمات کا ایک اور ثبوت ہے۔