برلن(رپورٹ:مہوش ظفر)سفارت خانہ پاکستان برلن نے سیلے اور ہینوور کے کمیونٹی ممبران کےتعاون سے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے ایک فنڈ ریزنگ کا اہتمام کیا۔ سفارت خانے سے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل اور ان کی ٹیم نے اس تقریب میں شرکت کی جس کا مقصد سیلاب زدگان کے لیے امداد اکٹھا کرنا تھا۔
سفیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ پاکستان میں آنے والے حالیہ تباہ کن سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ بری طرح متاثر ہوا ہے اور 33 ملین سے زائد افراد کو فوری مدد اور پناہ کی اشد ضرورت ہے۔
اظہر ساہی، ٹکا خان اور مقصود احمد سندھو نے کمیونٹی کی جانب سے کی گئی اس کاوش کی قیادت کی۔ اس تقریب کی ایک اور نمایاں خصوصیت سکھ برادری کی جانب سے عطیات میں حصہ ڈالنا تھا۔ سفیر پاکستان نے سکھ برادری کی جانب سے اس اقدام کو سراہا اور کرتارپور جذبے کو یاد کرتے ہوئے اس حمایت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ہنوور اور نوائس سے تعلق رکھنے والی دیگر مشہور سماجی شخصیات، امتیاز احمدسندھو ، جاوید اقبال قادری، چوہدری افضل، چوہدری ظہیراور طلعت ڈار نے بھی سیلاب زدگان کے لیے فنڈ ریزنگ کی اس مہم کو کامیاب بنانے میں ا ہم کردار ادا کیا۔
ٹکاخان نے سفیر پاکستان اور سفارتخانہ پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور سیلے ہنوور آمد پر خوش آمدید کہا اور بتایا کہ پاکستانی سفارتخانے وسفیر پاکستان نے ہمارے حوصلہ کو تقویت دی۔ انھوں نے کمیونٹی کی جانب سے اسی نوعیت کی دیگر تقریبات منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا تاکہ سیلاب زدگان کی بھر پور مدد کی جا سکے۔
سیلاب زدگان کے لئے عطیات اکٹھے کرنے کے لیے مقامی ریسٹورنٹ کی جانب سے بوفے لگایا گیا جس سے اس دن ہونے والی تمام آمدن کو بھی سیلاب زدگان فنڈ میں شامل کیا گیا۔
تقریب میں تارکین وطن اور مقامی جرمنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیلاب زدگان کی گھر واپسی میں مدد کے لیے امدادی سامان کے دو کنٹینرز کے اعلانات کے ساتھ کل 27500 یورو کے عطیات جمع کیے گئے۔
پاکستانی سفیر نے کمیونٹی ممبران کی فعال شرکت پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سفارت خانہ تارکین وطن کے ساتھ مل کر جرمنی کے مختلف شہروں میں اسی طرح کی تقریبات کے انعقاد میں تعاون کرے گا۔