پاکستانی کمیونٹی ملک میں سیلاب متاثرین کیلئے مزید فنڈز اکٹھاکرنے کیلئے اپنی کوششوں کو بڑھائیں،سفیر سلجوق مستنصر تارڑ

0

نیدر لینڈز میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے اجلاس

شرکائے اجلاس نے پاکستانی کمیونٹی کو اس کارِ خیر میں متحرک کرنے کیلئے سفارت خانہ کی کوششوں کو سراہا

دی ہیگ(نمائندہ خصوصی)نیدر لینڈز میں سفارت خانہ پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان میں سیلاب کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے ایک اجلاس ہوا۔

اس اجلاس میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے طلباء، تاجروں اور مساجد کے ذمہ داران سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں حالیہ شدید سیلاب کے باعث1600 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جب کہ 1.2 ملین مکانات، 13,074 کلومیٹر سڑکیں، 392 پل اور 18 ڈیموں کو نقصان پہنچاہے۔اس کے علاوہ10 لاکھ مویشی ہلاک اور 5.4 ملین ایکڑ رقبہ پر کاشت فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں اور ہالینڈ کی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 3.5 ملین یورو کے ریلیف پیکج سمیت دیگر ممالک سے ملنے والی امداد کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے نیدرلینڈز میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطنِ عزیز میں جاری امدادی سرگرمیوں میں مدد کے لیے فنڈز جمع کرنے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کمیونٹی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ مزید فنڈز اکٹھاکرنے کے لیے اپنی کوششوں کو بڑھائیں۔

اس موقع پر شرکائے اجلاس نے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور پاکستانی کمیونٹی، این جی اوز، طلباء اور مذہبی تنظیموں کو اس کارِ خیر کے لیے متحرک کرنے کے لیے سفارت خانہ کی کوششوں کو سراہا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!