امارات میں جی ایم کالج بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کررہا ہے،طاہر منیر طاہر
جی ایم کالج شارجہ یو اے ای کے بہترین تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے،ڈاکٹر منیر احمد
استقبالیہ تقریب میں پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں اورپرنسپل نبراس سہیل نے مہمانوں کو اعزازی شیلڈز دیں
دوبئی (طاہر منیر طاہر) جی ایم کالج شارجہ میں پاکستان سے آئے معروف ماہر تعلیم اور سماجی سائنسدان عبد الشکور مرزا ، ڈاکٹر منیر احمد اور ا مارات میں پاکستانی معروف صحافی بیوروچیف نوائے وقت طاہر منیر طاہر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا-
تقریب میں اساتذہ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی پرنسپل نبراس سہیل نے مہمانوں کو جی ایم کالج کی تعلیمی سہولیات کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں ۔ اس موقع پر پاکستان سے آئے مہمان معروف سماجی شخصیت عبد الشکور مرزا نے کہا کہ بہت خوش آئند بات ہے کہ امارات میں پاکستانی کالج شاندار تعلیمی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
ادارے کے سربراہ پروفیسر شاہد اقبال اور ان کی ٹیم کم وسائل میں یہاں کی پاکستانی کمیونٹی کو اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کررہی ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے معاشرہ کی بہتری اور بچوں کے بہترین مستقبل کیلئے اساتذہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اس میں کوئی دورائے نہیں کہ ہماری ترقی اور کامیابی صرف اور صرف تعلیم میں ہی پنہاں ہے تقریب میں معروف صحافی طاہر منیر طاہر نے پروفیسر شاہد اقبال کی تعلیمی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ امارا ت میں پاکستانی کمیونٹی کو یہ ادارہ بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
ماہر تعلیم ڈاکٹر منیر احمد نے اظہار خیال ہوئے کہا کہ اساتذہ ہی والدین کے ساتھ مل کر بہترین معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں اس موقع پر جی ایم کالج کیطرف سے سی ای او پروفیسر شاہد اقبال پرنسپل نبراس سہیل نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں عبد الشکور مرزا، طاہر منیر طاہر اور ڈاکٹر منیر احمد کو شیلڈ ز پیش کیں۔