ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نوبیل امن انعام کی تقریب،یان راچنسکی کی روسی صدر پر تنقید

0

اوسلو(نیوز ڈیسک)ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں نوبیل امن انعام کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں روس، یوکرین اور بیلاروس کے انسانی حقوق کے علمبرداروں نے نوبیل امن ایوارڈ وصول کیا۔

نوبیل امن انعام لینے والے روس کے انسانی حقوق تنظیم کے سربراہ یان راچنسکی نے روسی صدر پر تنقید کی۔یان راچنسکی نے پیوٹن کی یوکرین میں جنگ کو پاگل پن اور مجرمانہ قرار دیا۔

دو سال تک کورونا پابندیوں کے بعد نوبل انعام کی تقریب سوئیڈن اور ناروے کے دارالحکومتوں میں ہوئی۔اوسلو اور اسٹاک ہوم میں علیحدہ علیحدہ تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

سال 2020 اور 2021 میں نوبیل انعام جیتنے والی شخصیات بھی اسٹاک ہوم کی تقریب میں شرکت کریں گی۔ان دو برسوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے نوبیل انعام کی تقریب نہیں ہوسکی تھی لیکن ایوارڈ یافتگان کو ان کے گھر پر تمغے بھیجے گئے تھے۔

اسٹاک ہوم میں منعقدہ تقریب میں شعبہ طب، طبیعات، کیمیات، ادب اور معیشت سے متعلق ایوارڈز دیے جاتے ہیں جبکہ امن کا نوبیل انعام اوسلو میں تفویض کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ نوبیل انعام الفریڈ نوبیل نے قائم کیا تھا تاکہ سائنس، ادب اور امن کے شعبوں میں گرانقدر خدمات انجام دینے والوں کو سراہا جاسکے۔

الفریڈ نوبیل نے اپنی وفات سے قبل 17 کروڑ 42 لاکھ ڈالر کی رقم چھوڑی تھی جس سے ایوارڈ یافتگان کو انعامات اور ایوارڈز دیے جاسکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!