برسلز( نمائندہ خصوصی) پی ٹی آئی یورپ کی ساری قیادت یورپین پارلیمنٹ کے سامنے جلد ہی ایک بڑا مظاہرہ کرے گی۔
اس بات کا اعلان پی ٹی آئی بیلجیئم کی جانب سے منعقد کی گئی ایک پریس کانفرنس میں کیا گیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے PTI بیلجیئم کے راہنماؤں نے پارٹی کے سینئر رہنما اور ترجمان فواد چوہدری کی گرفتاری اور اس کے بعد ان کے ساتھ اختیار کیے گئے رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے مزید کہاکہ جس طرح پارٹی چئیرمین کی گرفتاری اور مختلف طریقوں سے الیکشن ملتوی کرنے سے متعلق روزانہ خبریں گردش کرتی ہیں اس سے لگتا نہیں کہ حکومت کوئی جمہوری اور قانونی رویہ اپنائے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ہم اس پر خاموش نہیں رہیں گے۔ اور سارے یورپ سے تحریک انصاف کے لوگ بہت جلد یورپین پارلیمنٹ کے سامنے ایک بڑا مظاہرہ کریں گے۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو خبردار کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے لوگوں پر مظالم فوری طور پر بند کرے اور پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے اور پاکستان میں وقت پر الیکشن کروائے جائیں۔ ورنہ بعد میں ہم پر یہ الزام نہ عائد کیا جائے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے باعث پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچا اور اس کے دشمنوں نے یورپ میں اس کا استعمال کیا۔