گلاسگو (تارکین وطن نیوز) برائٹن انگلینڈ میں ہونے والی لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسکاٹش لیبر پارٹی کے سربراہ انس سرور نے اسکاٹش حکومت پر زور دیا ہے کہ انرجی کے ایک دم تیزی سے بڑھتے ہوئے بلوں کی ادائیگی میں غریب عوام کی امداد کے لئے اسکاٹش پارلیمنٹ کے خصوصی اختیارات کو استعمال کرے اور مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے ان کو 70پونڈ کی ادائیگی کرے تاکہ سردیوں میں ان کو بلوں کی ادائیگی کے لئے خوراک یا انرجی کے استعمال میں کسی ایک کا انتخاب نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ یوکے کی انرجی انڈسٹری اس وقت ایک بحران کا شکار ہے یہاں تک کہ بعض انرجی کمپنیوں کے لئے اپنا وجود برقرار رکھنا خطرے میں پڑ گیا ہے، ساتھ ہی ڈیڑھ کروڑ افراد کو بلوں میں 12 فیصد اضافے کا خطرہ ہے، یہ الائونس ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جو 26 ستمبر 1955ء سے پہلے پیدا ہوئے تھے، اس الائونس کی رینج 100 سے 300 پونڈ کے درمیان ہے۔
انس سرور کی فروری میں اسکاٹش لیبر پارٹی کا سربراہ بننے کے بعد یہ پہلی تقریر تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ اسکاٹش پارلیمنٹ کو سوشل سیکورٹی کے سلسلہ میں مدد دینے کے لئے اختیارات حاصل ہیں لیکن اسکاٹش حکومت اس میں تاخیر کر رہی ہے، انس سرور کی اس تقریر کو عوام میں بہت سراہا جا رہا ہے۔