پاک فرانس انٹرنیشنل رائٹرز فورم کی جانب سے ادبی تقریب،محترمہ شاذ ملک کی نئی کتابوں کی رونمائی کی گئی

0

تقریب کا انعقاد ملک سعید کی جانب سے کیا گیا، سفیر پاکستان عاصم افتخار کی بطور مہمان خصوصی شرکت

پیرس (رپورٹ:سلطان محمود) پاک فرانس انٹرنیشنل رائٹرز فورم کی جانب سے ذائقہ ریسٹورنٹ ولئیر لا بیل میں ایک شاندار ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا، یہ تقریب پیرس کی مشہور ادیبہ اور شاعرہ محترمہ شاذ ملک کی دو نئی کتابوں،روح عشق اور کاسہ من کی رونمائی کے سلسلہ میں منعقد کی گئی۔

اس تقریب کا انعقاد فورم کے سرپرست اعلیٰ ملک سعید کی جانب سے کیا گیا،تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان عاصم افتخار تھے ، سفیر پاکستان عاصم افتخار نے اپنے سفارتی عملے کے ساتھ بھرپور شرکت کی،ان کی آمد پر محترمہ شاذ ملک ، سعید ملک اور دیگر کی جانب سے انھیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے،محترمہ شاذ ملک نے سفیر پاکستان عاصم افتخار کو اپنی دونوں کتابوں کا تحفہ بھی پیش کیا۔

ایک طویل عرصے کے بعد پیرس میں ایک بہترین ادبی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ،جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،تقریب رونمائی میں خواتین وحضرات کے ساتھ ساتھ ادب شناس حلقوں اور شعراء کی کافی تعداد شریک ہو ئی ۔

تقریب دو حصوں میں تقسیم تھی ،پہلے حصے میں محترمہ شاذ ملک کی کتابوں کی رونمائی تھی اور اس پر مختلف لوگوں کا اظہار خیال تھا ،تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد تقریب کا آغاز ہوا اور شاذ ملک کی کتابوں پر تبصرے کا آغاز کیا گیا ،مختلف مقررین نے محترمہ شاذ ملک کی اس کاوش کو خوب سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ محترمہ شاذ ملک کے کلام میں تصوف کا رنگ بہت گہرا ھے،ان کا کہنا تھا کہ شاذ ملک کی شاعری ہو یا نثر اس میں ایک جدت اور محبت کا تاثر تو ہے ہی مگر وطن سے محبتوں کے سونے بھی پھوٹتے نظر آتے ہیں، مقررین نے شاذ ملک کی تازہ ترین تصنیفات کی دل کھول کر داد دی۔

مختلف مقررین نے اپنی تقاریر میں شاذ ملک کی شاعری کو ایک نئے آنے والے شاندار ادبی ورثہ قرار دیا ،سفیر پاکستان عاصم افتخار نے اپنے خطاب میں شاذ ملک کو ان کی نئی کتابوں کی رونمائی پر مبارکباد پیش کرتے ہو ئے کہا کہ مجھے یوں لگ رہا ہے کہ میں فرانس کے کسی رائیٹرز فورم میں نھیں بلکہ پاکستان کے کسی ادبی فنکشن میں محسوس کررہا ہو ں ، ان کا کہنا تھا فرانس میں ایسی تقریبات کا انعقاد خوش آئند ہے اور اس سے فرانس میں بھی ادبی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا ،ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ چا ہتے ہیں کہ پاکستانی کمیونٹی اس قسم کی تقریبات کا انعقاد کرے، پاکستانی سفارت خانہ انھیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہے۔

سرپرست اعلیٰ رائٹرز فورم ملک سعید اور محترمہ شاذ ملک نے باری باری سفیر پاکستان اور دیگر تمام سفارتی عملے کی اس پروگرام میں شرکت پر ان کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ،تقریب کی نظامت کے فرائض محترمہ ساحرہ نے ادا کئے،تقریب کے دوسرے حصے میں مشاعرے کا اہتمام کیا گیا تھا ، اس مشاعرے میں پیرس کے مقامی شعراء نے اپنے اپنے کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا ۔

شعراء کے کلام پر اور کسی بھی اچھے شعر پر خواتین وحضرات کی جانب سے کھل کر داد دی گئی ،جن مقررین اور شعراء نے اس پروگرام میں حصہ لیا ان میں پریس کونسلر دانیال گیلانی،عمران یونس، روحی بانو ، ممتاز ملک،نبیلہ آرزو ، عاکف غنی ، ایاز محمود ایاز ، عاصی،( سعدیہ افضل) ( انہوں نے فرنچ زبان میں اپنا کلام سنایا اور بعد میں اردو ترجمہ بھی پیش کیا) شازیہ گیلانی ، آصفہ احسان،راجہ لیاقت علی برق، مقبول الٰہی شاکر، عاشق رندھاوی ، بابر زمان ،تبسم کے علاوہ ہندوستان کی مشہور شاعرہ بلونت کور بھی شامل تھیں۔

شعراء کے خوبصورت کلام نے محفل کا رنگ باندھ دیا ،سامعین اور حاضرین اس ادبی پروگرام سے بے حد لطف اندوز ہو ئے،تقریب کے اہتمام پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگایا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!