23مارچ1940ہماری قومی جدوجہد آزادی اور خود ارادیت کے آغاز کا دن تھا،ہائی کمشنر معظم احمد خان کا تقریب سے خطاب
لندن(رپورٹ:سدرہ بھٹی)قرارداد پاکستان کی 83ویں سالگرہ کے موقع پر آج پاکستان ہائی کمیشن لندن میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ہائی کمشنر معظم احمد خان نے بڑی تعداد میں مقیم پاکستانیوں اور پاکستان کے برطانوی دوستوں کی موجودگی میں قومی پرچم لہرایا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ہائی کمشنر نے برٹش پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی اور قرار داد پاکستان کو تحریک پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 نہ صرف ہماری قومی جدوجہد آزادی اور خود ارادیت کے آغاز کا دن تھا بلکہ بحیثیت قوم ہماری قومی امنگوں کو پورا کرنے کے سفر کا آغاز بھی تھا۔
انہوں نے قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر رہنماؤں کو ان کی بے لوث خدمات اور پاکستان کے حصول کے لیے غیر متزلزل عزم پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں کے دوران شدید چیلنجز کے باوجود پاکستان ایک ترقی پسند اور جمہوری ملک کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اپنی مخصوص لچک اور عزم کے ذریعے پاکستان جلد ہی اپنے موجودہ معاشی چیلنجوں پر قابو پالے گا۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ عالمی معاملات میں بے مثال کشمکش اور غیر یقینی صورتحال کے اس لمحے میں پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اصولوں پر پختہ یقین کے ساتھ امن، مساوات اور انصاف کے لیے کھڑا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر بھارتی قابض افواج کی طرف سےمقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا اور دنیا کو امتیازی سلوک سے باز رہنے اور عالمی انسانی حقوق کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا۔
دو طرفہ تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات قیام پاکستان کے بعد سے ہی اسٹریٹجک رہے ہیں۔ ہائی کمشنر نے 1.6 ملین برٹش پاکستانیوں کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ برطانیہ میں زندگی کو بھرپور بنا رہے ہیں اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو بھی سراہا۔برمنگھم، بریڈ فورڈ، گلاسگو اور مانچسٹر میں پاکستان کے قونصل خانوں نے بھی اسی طرح کی پرچم کشائی کی تقریبات کا اہتمام کیا۔