اوسلو(عقیل قادر) سفارتخانہ پاکستان اوسلو میں وزیر اعظم پاکستان کے مشیر قمر زمان کائرہ کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اوسلو و گردونواح سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر سفارتخانہ پاکستان کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے پاکستان میں سیاسی گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف وزیوں کے خلاف مظاہرہ بھی کیا۔
انہوں نے اس موقع پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور پاکستان میں جلد الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا جبکہ انہوں نے پی ڈی ایم حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی۔ سفارتخانہ پاکستان میں تقریب کا آغاز سید نعمت علی شاہ بخاری نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔
سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جب بھی سفارتخانہ نے کمیونٹی کو دعوت دی ہے انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا اور بھرپور شرکت کی۔
قمر زمان کائرہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگوکی اور پی ڈی ایم حکومت کا موقف عوام تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سیاست میں ڈائیلاگ اور برداشت کے عمل کو نقصان پہنچایا اور سیاسی مخالفین کو دشمن سمجھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم نے تحریک انصاف سے جب بھی ڈائیلاگ کی بات کرنا چاہی تو انہوں نے کبھی بھی مثبت جواب نہیں دیا بلکہ یہ کہا کہ این آر او مانگا جارہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے حاضرین کی طرف سے کیے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔