پاکستان سفارتخانہ ویانا میں قائم مقام سفیرپاکستان عامر سعید کی زیر پرستی عید میلاد النبیؐ کی تقریب کا انعقاد
ویانا(اکرم باجوہ)پاکستان سفارتخانہ ویانا میں عید میلاد النبیﷺ کی پروقار تقریب کا انعقادکیا گیاجس میں قائم مقام سفیرپاکستان عامر سعید نے سرپرستی کی ۔
تقریب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز سید عبدالرحمان شاہ کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔نعت کی صورت میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرنے والوں میں یورپ کے معروف نعت خواں شہر یار خان،حاجی اکبر علی،حاجی محبوب ربانی،علی طارق ودیگر شامل تھے۔نظامت کے فرائض ہیڈ آف چانسلری لیاقت علی وڑائچ نے ادا کرتے ہوئے حاضرینِ محفل کا تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور عید میلاد النبی ﷺکی مبارکباد پیش کی۔
مختلف مقررین پاک فرینڈز آسٹریا کے صدر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ،پروفیسر اظہر عباس سیالوی،مظہر عباس جعفری،سید عبدالرحمان شاہ نے تقریب میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی اور تعلیمات کے مختلف پہلو ئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے نبی کریم ﷺ کے امن اور رحم کے پیغامات کا حوالہ دیا جو انسانیت کو درپیش مختلف مسائل کا حل فراہم کرسکتاہے۔ قائم مقام سفیرِ پاکستان عامر سعید نے اپنے مختصر خطاب میں حاضرینِ محفل کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد پیش کی اور اشعار کی صورت میں اخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضور پاک کی ذات پاک میں تمام انبیاءکرام علیہ اسلام کی خوبیاں بدرجہ اتم موجود تھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ حضور پاکﷺ نے مصیبتیں دینے والوں کے لیے دعائیں کیں اور انہیں قتل کرنے جیسی سازشیں کرنے والوں کے گھروں میں جا کر انکی امانتیں واپس کیں اسی لیے انہیں صادق اور امین کہا جاتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر علامہ غلام مصطفیٰ بلوچ نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی اور سلامتی کے لیے اور حاضرینِ محفل کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔آخر میں مہمانوں کو میلاد ڈنر دیا گیا۔یاد رہے کہ پاکستان سفارت خانہ ویانا میں پہلی مرتبہ عید میلاد النبی ﷺکی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کو پاکستانی کمیونٹی نے بہت سراہا اور پاکستان سفارت خانہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ جشن عیدمیلادالنبی ﷺ ہر سال سفارت خانہ ویانا کے زیر اہتمام ایک بڑے ہال میں پروگرام ہونا چاہیے۔ ہیڈ آف چانسلری لیاقت علی وڑائچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کا تقریب سے شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔