جامع مسجد المدینہ دارلاسلام نیورن برگ جرمنی میں شہدا کربلا کانفرنس کا انعقاد

0

حسینؓ ایک مذہب ہے جو ہمیشہ طاغوتی طاقتوں سے ٹکرانا سکھاتا رہے گا،پیر سید منور حسین شاہ

نیورن برگ(نمائندہ خصوصی)جامع مسجد المدینہ دارلاسلام نیورن برگ جرمنی میں شہدا کربلا کانفرنس کا انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی الحاج پیر سید منور حسین شاہ جماعتی تھے، مسجد پہنچنے پر صدر حاجی نذیر نے ان کا استقبال کیا ۔

پیر سید منور حسین شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کربلا کو آج تقریباً 1400 برس بیت چکے ہیں لیکن یہ المناک و دل فگار سانحہ مسلم اُمہ کے دلوں سے محو نہیں ہو پایا ،حضرت امام حسینؓ نے کرب و بلا کے ریگستانوں میں اپنے اہل و عیال کے ساتھ اسلام کی سربلندی اور بقاء کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، وہ ملت اسلامیہ کی تاریخ کا ایک بے مثال واقعہ ہے۔

اللہ تعالیٰ نے واقعہ کربلا کو ہمیشہ کے لئے زندہ و جاوید بنا دیا تاکہ انسان اور خصوصاً ایمان والے اس سے عبرت حاصل کرتے رہیں، سید الشہدا حضرت امام حسینؓ کی پیدائش کے ساتھ ہی آپ کی شہادت کا ذکر ہی زبان زد عام رہا۔

حضرت علیؓ ، حضرت فاطمہ زہرا اور دیگر صحابہ کبار و اہلِ بیت کے جان نثار رضی اللہ عنہما سبھی لوگ آپ کے زمانہِ شیر خوارگی میں ہی اس المیے سے آگاہ ہو گئے تھے کہ یہ جگر گوشہ بتول ظالموں کے ہاتھوں شہید ہوں گے اور ان کا خون کرب وبلا کی سرزمین پر بہایا جائے گا۔

امام حسینؓ ایک پیغام ہے، آفاقی پیغام ابدی پیغام کائناتی پیغام ،جو ہر دور کے مظلوم اور مجبور انسانوں کو درسِ عمل اور ولولہ ء شوق عطا کرتا رہے گا ۔

حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ ایک مذہب ہے جو ہمیشہ طاغوتی طاقتوں سے ٹکرانا سکھاتا رہے گا ،حسین رضی اللہ عنہ ایک سیاست کا نام ہے جس کے نزدیک کسی قیمت پر بھی اُصولوں پر سودے بازی نہیں ہو سکتی۔

آخر میں شہباز عامرخان ،عبدالعزیز خان اور عبدالوحید مجید نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!