‎ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منایا

0

بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کی جانب سے تقریب کا انعقاد

بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہیں،مرزا آصف جرال

اوورسیز کمیونٹی بھارت کا سیاہ چہرہ دُنیا کے سامنے لانے کیلئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائے،راجہ اشفاق حسین

پیرس (رپورٹ:سلطان محمود) بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر پیرس میں جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس کی جانب سے پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

‎تفصیلات کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منایا،مرزا آصف جرال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے کوششیں مزید تیز کرنی چاہئیں۔دنیا کے تمام امن پسند ملکوں کو بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنا ہو گا۔

صدر جموں کشمیر ڈیموکریٹک فورم فرانس مرزا آصف جرال نے مزید کہا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے 5اگست 2019ء کے اقدامات کے بعد کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ مقبوضہ وادی ایک جیل میں تبدیل ہو چکی ہےاور قتل وغارت کا بازار گرم ہے لیکن عالمی قوتیں اس پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔‎انہوں نے جہاں پاکستانی عوام کی مسئلہ کشمیر کے ساتھ کمٹمنٹ ‎کو خراج تحسین پیش کیا وہیں 5 اگست کے بعد پاکستانی حکمرانوں کی کشمیر پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

چیئرمین انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم فرانس راجہ اشفاق حسین نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی بھارت کا سیاہ چہرہ دُنیا کے سامنے لانے کے لئے اپنی تمام توانائیاں بروئے کار لائے۔ جسٹس فار کشمیر فرانس کے روح رواں چوہدری ذوالفقار نگیال نے کہا کہ بھارت اور طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرنا ہوگا۔

جنرل سیکرٹری پیس فورم فرانس عمران رشید چوہدری نے کہا کہ ہم بھارت کے یوم آزادی کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔ جب تک بھارت کشمیر کو آزاد نہ کردے تب تک ہم بھارت کے یوم آزادی کو تسلیم نہیں کرینگے اور اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے رہیں گے۔

ذوالفقار عزیز نے خطاب میں کہا کہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے ساتھ ساتھ عملی جدوجہد کے لئے ہمیں از سر نو اپنی پالیسیاں ترتیب دینا ہوں گی۔ مرزا قاسم یونس نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سربراہ عوامی نیشنل پارٹی نبیل خٹک نے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان بھارت میں تین جنگیں ہوچکی ہیں ، ہم کشمیری کی آزادی کے حامی ہیں جس کے لئے پاکستانی قوم کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

پکار انٹرنیشنل کے منیجنگ ایڈیٹر چوہدری وسیم احمد نے کہا کہ بھارت میں دکھاوے کی جمہوریت ہے، بھارت کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دینے کو تیار نہیں۔ عالمی دُنیا کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔ انہوں نے اس موقع پر کشمیری کمیونٹی کو متحد ہونے پر زور دیا۔

چوہدری منور جٹ نے کہا کہ قائد اعظم کا فرمان تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے لیکن افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ہم نے کشمیر کے لیے کچھ نہیں کیا۔سردار اخلاق احمد نے بھی خطاب میں بھارت کی دہشت گردی کی مذمت کی۔ اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض چوہدری علی پوڑ نے ادا کئے۔

یوم سیاہ کی تقریب کے بعد آصف چوہدری، بابر مغل، مرزا انجم جرال و دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالمی اداروں کو نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر اور شہدائےکشمیر کے لئےدُعا بھی مانگی گئی۔ یوم سیاہ کی تقریب میں آزاد کشمیر اور پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!