فلوریڈا (سپورٹس رپورٹ) نیوزی لینڈ کے کوری اینڈرسن نے مورس ویل یونٹی کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جس سے ان کی ٹیم نیو جرسی ٹرائیٹن کو 55 رنز سے شکست دینے میں کامیاب ہوئی ۔ کوری اینڈرسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مورس ویل یونٹی نے پہلی بیٹنگ کی اوپنرز شی ہان جے سوریا اور راج دیپ دربار نے اننگز کا آغاز کیا اور رنز کے ڈھیر لگادیئے۔ جس میں جے سوریا کا حصہ زیادہ تھا۔
مورس ویل کی 52 رنز پر کوئی کھلاڑی آؤٹ نہ تھا۔ اس سکور پر دربار ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے جس کے بعد جے سوریا بھی 34 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد اوبس پینار اور کوری اینڈرسن کی جوڑی نے بیٹنگ کی ذمہ داری سنبھالی۔
انہوں نے اچھی رفتار سے رنز بنائے اور مقررہ 10 اووز میں یونٹی کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 124 رنز پر پہنچادیا ۔ کوری اینڈرسن نے 4 چھکے اور 2 چوکے جبکہ پینار نے 3 چھکے اور 2 چوکے لگائے۔
جواب میں ٹرائیٹن کا آغاز سست تھا پہلے دو اوورز میں دو وکٹیں گنوا دیں۔ جیسی رائیڈر کو سری سانتھ نے صفر پر آؤٹ کیا جس کے بعد پیٹر ٹریگو 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پہلے دو اوورز کے اختتام پر ٹرائیٹن کا سکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز تھا۔
اس مرحلے پر یوسف پٹھان اور کیمرون ڈیلپورٹ کھیلنے آئے اور دونوں نے اگلے چند اوورز میں وکٹیں نہ کھوتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی اور 2 وکٹوں کے نقصان پر 42 رنز پر پہنچادیا ۔ آخری پانچ اوورز میں ٹرائیٹن کو جیت کے لیے مزید 83 رنز درکار تھے۔
ٹریٹن نے جلد بازی میں مزید تین وکٹیں کھودیں اور وہ مقررہ 10 اووز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 69 رنز بناسکی اور یوں یہ میچ 55 رنز سے ہارگئی۔