اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے،سفیر پاکستان بابر امین

0

اوسلو(عقیل قادر) یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر پاکستان ایمبیسی ناروے کے زیر اہتمام سیمینار کا اہتمام کیا گیا، تقریب کاآغاز تلاوت قرآن پاک سے سلیم اللہ علوی نے کیا، تقریب میں صدر پاکستان عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کےپیغامات بھی ٹیلی ویژن پر دکھائے گئے، یوم سیاہ کشمیرسیمینار سے سفیر پاکستان بابرامین، سابق نارویجن ممبرپارلیمنٹ لارشرائسے، سابق نارویجن ممبرپارلیمنٹ پیٹر ایڈے ، خالد محمود، محمود احمد، ہیڈ آف چانسلری مس سارا ملک اور مس تھورون سجاد نے خطاب کیا۔

بھارت کو پیغام دیاکہ کشمیریوں کے جو حقوق ہیں وہ ان کو دیے جائیں اور ان پر ظلم وستم بند کیا جائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا جائے، سیمینار میں سیاسی، سماجی ،مذہبی رہنماؤں سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔جنگ سے خصوصی گفتگو میں سفیر پاکستان بابر امین، ہیڈ آف چانسلری مس سارا ملک، اور مولانا محبوب الرحمن نےگفتگو کی۔

سفیر پاکستان بابر امین نے کہا کہ آج کا دن پوری دنیا میں کشمیریوں سے ہمدردی رکھنے والے پاکستانی اور کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتےہیں کیونکہ 27 اکتوبر 1947 کو ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرلیا تھا ۔ سفیر پاکستان بابر امین نے کہا کہ ناروے کا انسانی حقوق کے حوالے سے پوری دنیا میں بڑا نام ہےاور ہم سمجھتے ہیں کہ ہندوستان کی طرف سے انسانی حقوق کے حوالے سے کشمیر میں جو ظلم وستم اور پامالی ہو رہی ہے ناروےاس حساب سے اتنی زیادہ توجہ نہیں دے رہا جتنی کے انسانی حقوق کا پاسدارہونےکے حوالے سےدینی چاہیے تھی۔

ناروے سمیت دنیا کےممالک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں ،ناروے سکیورٹی کونسل کا نون پرمٹ ممبر بھی ہےاور یہ اچھا موقع ہے کہ ہم ناروےکےسیاستدان، سول سوسائٹی اور عوام الناس کو مطلع کریں اور کشمیر کے مسئلے پر آگاہی بڑھائیں، انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی برادری بھارتی دہشت گردی کو روکنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے، ہیڈ آف چانسلری مس سارا ملک نے کہا کہ کشمیر پرغاصبانہ قبضے کو 74سال گزر چکے ہیں اور ہم انٹرنیشنل کمیونٹی اورگورنمنٹ آف ناروےسے درخواست کرتے ہیں کہ کشمیریوں کوحق خود ارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

پاکستان اور ہم کشمیریوں کے ساتھ آخری دم تک کھڑے رہیں گے، مولانا محبوب الرحمٰن نے کہا کہ دنیا کے حالات جس انداز سے بدلے ہیں، کشمیریوں پر 74 سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کو ہے، پورا کشمیر جیل بنا ہوا ہےبلکہ جیل ہی نہیں وہاں جس انداز میں بچوں بچیوں عورتوں بوڑھوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے وہ آج ساری تاریخ کا نچوڑ بن کرسامنے آ رہاہے، دنیا کو ایسے بدلتے حالات میں اپنا فرض پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ناروے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم پر کان دھرے اور اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔

تقریب میں ویلفیئر کمیونٹی کونسلر خالد محمود، ڈاکٹر وسیم، سینئر سیاستدان طلعت محمود بٹ، صدر پیپلز پارٹی ناروے چوہدری جہانگیر نواز ، تحریک کشمیر ناروےکے صدر شاہ حسین کاظمی، تحریک کشمیر یورپ کےجنرل سیکرٹری میاں محمد طیب، چوہدری حاجی محمد افضال، پاک ناروے فورم کے صدرچوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں،ملک پرویز،ملک حمزہ سلطان، مسلم لیگ ناروے کے چیئرمین خالد نذیر بٹ، صدر مسلم لیگ ناروے شاہد تنویر، انعام الحق سیٹھی ،شیخ طارق،مس ثمینہ اور دیگر شریک تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!