ایلیکانتے (کاشف شہزاد) اسپین کے صوبہ ویلنسیا کے شہر ایلیکانتے کے نواحی گاؤں میں چوہدری بلال حسین،چوہدری ریاست حسین،ٹھیکدارچوہدری خضر حسین،چوہدری اظہر حسین نے محبت رسولؐ میں سالانہ محفل جشن عیدمیلاد النبیؐ کا انعقاد کیا جس سےخصوصی خطاب نگران یورپ ریجن مولانا اسید رضا عطاری نے فرمایا۔
سالانہ محفل میلاد میں ایلیکانتے شہر کے قرب جوار میں بسنے والے عاشقان رسولؐ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور درود وسلام کی صدائیں بلند کیں، سالانہ محفل میلاد کے موقع پر چوہدری اظہر حسین نے اپنے گھر اور اپنی گلی کو جھنڈیوں اور غباروں سے سجایا ،جو فیملیز سالانہ محفل میں شرکت کے لئے آئیں تو ان کے بچوں کے لئے پلے گرائونڈ بنائے گئے جس میں بچے کھیلتے رہے ۔
مولانا اسید رضا عطاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں نبی اکرم ﷺ کے میلاد کی سب سے زیادہ خوشی اگر ہونی چاہئے تو خواتین کو ہونی چاہئے، کیونکہ آپ ﷺ نے لڑکیوں کو معاشرے میں عزت کا مقام دیا، بعثت رسول ﷺ سے قبل عرب اپنی بچیوں کو زندہ درگور کردیتے تھے۔ نبی اکرم ﷺ نے عورت کے ہر روپ کو عزت دی آپ ﷺ نے فرمایا جس نے ماں کے قدموں کو چوما گویا اس نے جنت کی چوکھٹ کو بوسہ دیا۔
اسلام تو رائٹ دے رہا ہے اسلام تو ملکہ بنا رہا ہے،لیکن معاشرے کی جہالت آج بھی عورت کو وہ مقام نہیں دے رہی۔ بیٹے کو اگر نعمت کہا گیا ہے تو بیٹی کو رحمت کہا گیا ہے لیکن ہمارے معاشرے میں جب بیٹا پیدا ہوتا ہے تو مٹھائی تقسیم کی جاتی ہے جبکہ اگر بیٹی پیدا ہوتو سوگ کی سی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے، بیٹی کی پیدائش پر مٹھائی تقسیم کیوں نہیں کی جاتی ،جس کا اپنے رب پہ بھروسہ مضبوط ہے اور جو سمجھتا ہے کہ اللہ نے رحمت دی ہے میرے حضور کی حدیثیں ہیں فرمایا برکت والی عورت ہے جس کے ہاں پہلی اولاد بیٹی ہواپنی اولاد پر اپنے فیصلے مسلط نہ کرو انہیں جینے کا مکمل حق دو ، ان کی مرضی سے ان کی شادیاں کرو یہ ایک دو دن کا کھیل نہیں ہے پوری زندگی گزارنی ہے۔
اولاد کی تربیت ہی ایسی کرو کہ آپ کو شرمندہ نہ ہونا پڑے۔یہ برادری ازم سے باہر نکلو اور نکاح کو آسان بنائو، انہوں نے کہا کہ جہیز ایک لعنت ہے اور میں اپنے تمام سننے والوں کو کہوں گا کہ آپ جب اپنے بیٹوں کی شادی کرو تو انتہائی سادگی سے کرو اور جہیز لینے سے انکار کردو۔ انہوں نے کہا کہ یورپ بھر سے پاکستان جانے والے چوہدریوں نے شادی کو مشکل بنا دیا ہے انتہائی مہنگا کردیا ہے آپ لوگ اگر فضول خرچی نہ کریں اور وہی رقم اپنے گائوں شہر کی غریب بچیوں کی شادی پر صرف کردو تو آپ کے بیٹے بیٹی کی زندگی دعائوں سے بھر جائے گی اور زندگی آسان ہو جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے کہیں بھی جہیز کا نہیں کہا یہ ہماری اپنی پیدا کی ہوئی رسم ہے۔ اسلام تو لڑکے کو تمام اخراجات اٹھانے کا کہتا ہے۔ ایک باپ کے لئے اتنا کم ہے کہ وہ اپنی لخت جگر آپ کو دے رہا ہے۔مولانا اسید رضا عطاری نے چوہدری اظہر حسین کے کاروبار میں برکت اور نئے گھر کے افتتاح پر مبارک باد دی اور دعا کی۔سالانہ محفل میلاد کے اختتام پر درود وسلام پڑھا گیا اور تمام شرکا کو کھانا پیش کیا گیا۔